نئی دہلی۔/28اگسٹ، (سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں سیکل رانوں کی بڑھتی ہوئی اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر روڈ ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے مرکزی وزیر اُمور صارفین رام ولاس پاسوان کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے ان سے سیکل رانوں کے تحفظ کیلئے مطلوبہ اقدامات کرنے کی خواہش کی ہے۔ وزیر اُمور صارفین کو لکھے گئے ایک مکتوب میں نتن گڈکری نے سیکل رانوں کی ملک میں ہونے والی اموات پر اپنے شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ وزارت شاہراہ محکمہ اُمور صارفین اور بیورو آف انڈین اسٹینڈرس کے ساتھ مل کر کام کرے تاکہ سیکل رانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ گڈکری نے مزید کہا کہ نئے اصول و ضوابط میں سیکل مینوفیکچررس کیلئے لازمی کردیا جائے کہ وہ مینوفیکچرنگ کے دوران کوالٹی چیکنگ کو انتہائی ضروری تصور کریں
اور وہ ایسے آلات نصب کریں جس سے سڑک حادثات کی صورت میں سیکل رانوں کی اموات کو کم سے کم کیا جاسکے۔انہوں نے پاسوان سے خواہش کی ہے کہ وہ اس معاملہ میں شخصی طور پر مداخلت کرتے ہوئے اس سنگین معاملہ کا مناسب حل نکالیں اور روڈ سیفٹی اصولوں پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ نتن گڈکری نے اپنے مکتوب میں کہا کہ قومی شاہراہ پر اور عام سڑکوں پر بھی سیکل رانوں کی اموات میں آئے دن اضافہ درج کیا جارہا ہے۔ جیسا کہ سال 2012ء میں 6600 سیکل رانوں کی سڑک حادثات میں موت ہوگئی۔ انٹرنیشنل روڈ فیڈریشن کے چیرمین کے کے کپیلا نے اس کی وجوہات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکلوں میں ایسے آلات نصب نہیں کئے جاتے جس سے تاریکی میں چمک پیدا ہوتی ہو جس کی وجہ سے سائیکلیں سامنے آنے والی کسی گاڑی کے ڈرائیورس کی نظروں سے اوجھل رہتی ہیں۔