ج2جون کو ہر ضلع میں کانگریس کی جانب سے یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب: ملو روی

دہلی میں عثمانیہ یونیورسٹی جے اے سی طلبہ کی زنجیری بھوک ہڑتال
حیدرآباد۔ 31 مئی (سیاست نیوز) نائب صدر پردیش کانگریس ڈاکٹر ملو روی نے بتایا کہ تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر کانگریس کی جانب سے یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب منائی جائیں گی۔ اس سلسلہ میں تمام ضلع کانگریس کمیٹیوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ضلع کانگریس صدور سے کہا گیا ہے کہ وہ مجالس مقامی کے منتخب امیدواروں کو وہپ جاری کریں۔ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کے منتخب ارکان کو کانگریس میں برقرار رکھنے کے لیے حکمت عملی طے کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدور نشین کے انتخابات کے موقع پر مبصرین کو روانہ کیا جائے گا۔ امیدواروں کا انتخاب ضلع کانگریس کمیٹیوں کی ذمہ داری ہوگی۔ ملو روی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی قیادت کیلئے راہول گاندھی کی برقراری ناگزیر ہے اور انہیں فوری استعفیٰ سے دستبرداری اختیار کرنی چاہئے۔ اسی دوران نئی دہلی میں اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر کے روبرو عثمانیہ یونیورسٹی جے اے سی اور بے روزگار نوجوانوں کی جے اے سی کی جانب سے زنجیری بھوک ہڑتال کا آغاز کیا گیا ہے۔ جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی مانوتا رائو کی قیادت میں بھوک ہڑتال کا آغاز کیا گیا۔ ڈاکٹر کے وینکٹیش کے علاوہ طلبہ جے اے سی کے صدرنشین اے کرشنا، عثمانیہ یونیورسٹی جے اے سی کے قائدین پی ناگراج یادو اور دوسرے زنجیری بھوک ہڑتال میں حصہ لے رہے ہیں۔