ہاسٹلس چلانے کیلئے علحدہ اجازت لازمی ، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ تلنگانہ کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ /29 جولائی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں جاریہ تعلیمی سال کیلئے جملہ 1386 پرائیویٹ جونیر کالجس کو مسلمہ موقف فراہم کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ خانگی کالجوں کو مسلمہ موقف فراہم کرنے کیلئے شرائط و ضوابط تنقیح و جانچ کے بعد ہی مسلمہ موقف فراہم کیا گیا ۔ علاوہ ازیں فائیر سیفٹی اصولوں پر عمل آوری نہ کرنے والے 60 پرائیویٹ جونیر کالجوں کے مسلمہ موقف کو ختم کردیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق مسلمہ کالجوں کو ’’یوزر آئی ڈی ‘‘ اور پاس ورڈ‘‘ جاری کردیئے گئے ۔ اس طرح ریاست کے تمام سرکاری و خانگی جونیر کالجوں میں داخلوں کے مکمل عمل کو کالج واری اساس پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے سرکاری ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کیا جارہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہاسٹلس میں قائم جونیئر کالجوں کے انتظامیوں کیلئے ضروری ہوگا کہ ہاسٹلس چلانے کیلئے ہی علحدہ اجازت حاصل کریں اور اجازت کے حصول کیلئے درخواست دینے پر عہدیداروں کی جانب سے بعد معائنہ ہاسٹل کے قیام کی اجازت دی جائے گی ۔ اور ہاسٹل کیلئے مروجہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل آوری کرنے کی ضرورت ہوگی ۔ اور قواعد و ضوابط مکمل آوری نہ کرنے والے ہاسٹل انتظامیہ کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے انتباہ دیا گیا ۔