پٹنہ۔ 3؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ آر ایس ایل پی کے صدر و مرکزی وزیر مملکت برائے دیہی ترقیات اوپیندر کشواہا نے آج جے ڈی یو پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس کا عوام سے ربط مکمل طور پر منقطع ہوگیا ہے اور بہار میں 25 اگسٹ کو اسمبلی ضمنی انتخابات میں وہ کوئی نشست بھی حاصل نہیں کرسکے گی۔ جے ڈی یو اب ایک سیاسی پارٹی نہیں رہی، کیونکہ عوام نے اسے چھوڑ دیا ہے۔ اب صرف دل موجود ہے اور وہ بھی سابق چیف منسٹر نتیش کمار کی جیب میں ہے۔ انھوں نے دیگر پارٹیوں کے 75 قائدین کی آر ایس ایل پی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تہنیتی تقریب میں کہا کہ جے ڈی یو کے سابق جنرل سکریٹری راج کمار سنگھ اور رام ونود سنگھ ان ممتاز قائدین میں شامل ہیں جنھوں نے ان کی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ وہ آر جے ڈی کے ساتھ 10 نشستوں پر جے ڈی یو کے انتخابی سمجھوتہ کے بعد بطور احتجاج پارٹی سے ترکِ تعلق کرکے ان کی پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں جے ڈی یو ایک بھی نشست حاصل کرنے سے قاصر رہے گی۔