بنگالورو25اپریل(سیاست ڈاٹ کام)اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری و انچارج کرناٹک کے سی وینوگوپال نے کہا ہے کہ جے ڈی ایس کی 12مئی کو ہونے والے انتخابات میں موجودگی صرف کانگریس کے ووٹوں کی تقسیم ہے اور ایچ ڈی دیوے گوڑا کی زیرقیادت پارٹی کا واحد نکاتی ایجنڈہ سدارامیا کو شکست دینا اور بی جے پی کی مدد کرنا ہے ۔ انہوں نے یواین آئی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا”جے ڈی ایس کی موجودگی صرف کانگریس کے ووٹوں کی تقسیم کے لئے ہے اور جے ڈی ایس و بی جے پی میں واضح مفاہمت ہے ۔چامندیشوری حلقہ سے امیدوار کون ہے ؟بی جے پی نے کمزور امیدوار کو ٹہرایا ہے تاکہ سدارامیا کے خلاف جے ڈی ایس کی مدد کی جاسکے ۔وروناحلقہ میں جے ڈی ایس نے بی جے پی کے لئے ایسا ہی کیا ہے ۔ایچ ڈی کماراسوامی نے اپنی پانچ روزہ مہم کے دوران گزشتہ تین دنوں نے چامندیشوری حلقہ میں انتخابی مہم چلائی،ان کا واحد نکاتی ایجنڈہ بی جے پی کے مفاد میں سدارامیا کو شکست دینا ہے ۔”