نئی دہلی، 2 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کے زیر اہتمام اس سال عالمی یوم یونانی میڈیسن کی سب سے بڑی تقریب جے پور میں 12فروری کو منعقد کی جائے گی۔ آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کے اعزازی سکریٹری جنرل ڈاکٹر سید احمد خان نے یو این آئی کو بتایا کہ گذشتہ دنو ں یہاں کانگریس کے صدر پروفیسر مشتاق احمد کی صدارت میں ایک میٹنگ ہوئی جس میں اس سال عالمی یوم یونانی میڈیسن کی سب سے اہم تقریب جے پور میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس میں طب یونانی کو درپیش مسائل اور یونانی پیتھی کے فروغ کے لئے متعدد اقدامات پر غور و خوض کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس میٹنگ میں طب یونانی کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دینے والے متعدد افراد کو عالمی یوم یونانی میڈیسن ایوارڈ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔