کانگریس میں بڑے پیمانے پر تنظیمی تبدیلیوں کے امکانات
حیدرآباد /3 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان، سابق مرکزی وزیر ایس جے پال ریڈی اور قائد اپوزیشن کونسل ڈی سرینواس کو سی ڈبلیو سی کا رکن بنانے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس ہائی کمان تنظیمی سطح پر بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لاتے ہوئے پارٹی کی باگ ڈور راہول گاندھی کے حوالے کرنا چاہتی ہے، لہذا ان کی تاج پوشی سے قبل ان کے حامیوں کو پردیش کانگریس کمیٹیوں کا صدور بنایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے بموجب تقسیم ریاست کے بعد تلنگانہ کے کانگریس قائدین کو پارٹی کی فیصلہ ساز باڈی سی ڈبلیو سی اور اے آئی سی سی میں نمائندگی دینا لازمی ہے، جب کہ ایس جے پال ریڈی سی ڈبلیو سی میں شمولیت کے سب سے بڑے دعویدار ہیں۔ اگر کسی وجہ سے انھیں شامل نہیں کیا گیا تو ڈی سرینواس کو شامل کیا جاسکتا ہے، جن کی کونسل کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اگر ڈی سرینواس کو سی ڈبلیو سی میں شامل کیا گیا تو سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا کو کونسل کا رکن اور محمد علی شبیر کو قائد اپوزیسن کونسل نامزد کیا جاسکتا ہے۔ قبل ازیں کانگریس ہائی کمان نے اعلی ذات ریڈی طبقہ سے تعلق رکھنے والے اُتم کمار ریڈی کو تلنگانہ پردیش کانگریس کا صدر اور ایس سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے ملو بٹی وکرا مارک کو ورکنگ پریسیڈنٹ نامزد کیا ہے، جب کہ بی سی طبقات کے قائدین پنالہ لکشمیا اور وی ہنمنت راؤ کے نام اے آئی سی سی میں شمولیت کے لئے زیر غور ہیں۔ علاوہ ازیں محمد علی شبیر کو قائد اپوزیشن کونسل نامزد کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔