جے رام رمیش تلنگانہ کے لیے کل کانگریس منشور جاری کریں گے

منشور میں کوئی جھوٹے وعدے نہیں ہوں گے ، ترقی ، فلاحی اقدامات کا اعلان کیا جائے گا : پنالہ لکشمیا

حیدرآباد ۔ 10 ۔ اپریل : ( پی ٹی آئی ) : مرکزی وزیر جئے رام رمیش تلنگانہ کے لیے کانگریس پارٹی کے انتخابی منشور کو 12 اپریل کو یہاں ایک ایونٹ میں جاری کریں گے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر پنالہ لکشمیا نے آج میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ یہ منشور اسٹیٹ کانگریس ہیڈکوارٹرس ، گاندھی بھون میں 11 بجے دن جاری کیا جائے گا ۔ مسئلہ تلنگانہ پر تشکیل دئیے گئے گروپ آف منسٹرس کے ایک اہم ممبر رمیش نے آندھرا پردیش تنظیم جدید بل کے مسودہ کی تیاری میں سرگرم حصہ لیا ہے ۔ مسٹر رمیش نے جو آج یہاں پہنچے ہیں علاقہ تلنگانہ میں کانگریس کے امیدواروں کے لیے مہم چلانا شروع کیا ہے ۔ کانگریس نے اس کے انتخابی منشور کی تیاری کے لیے سابق وزیر ڈی سریدھر بابو اور اے پی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر ملو بھٹی وکرمارکا کی قیادت میں ایک پیانل تشکیل دیا ہے ۔ پنالہ لکشمیا نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس کے منشور میں کوئی جھوٹے وعدے نہیں کرے گی اور ترقی کے اقدامات ، فلاحی پروگرامس اور سماجی انصاف کے اقدامات کرنے کا اعلان کرے گی ۔ لوک سبھا اور غیر منقسم آندھرا پردیش اسمبلی کے لیے بیک وقت انتخابات تلنگانہ 30 اپریل کو اور سیما آندھرا میں 7 مئی کو منعقد ہوں گے ۔ تلنگانہ میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی کل آخری تاریخ تھی ۔۔