حیدرآباد 21 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اڈیشہ کے سابق چیف منسٹر جانکی بلبھ پٹنائک کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا۔ 89 سالہ جے بی پٹنائک ماضی میں تین مرتبہ اڈیشہ کے چیف منسٹر رہ چکے ہیں۔ وہ آسام کے سابق گورنر بھی ہیں۔ تروپتی میں قلب پر حملہ کے سبب آج ان کا انتقال ہوگیا۔ وہ راشٹریہ سنسکرت یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد میں شرکت کے لئے پہونچے تھے کہ کل رات دیر گئے سینے میں درد کی شکایت پر اُنھیں مقامی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جہاں اُنھوں نے آخری سانس لی۔ ان کی آخری رسومات پوری میں ادا کی جائیں گی۔
اوقافی اراضیات پر ایوان کی کمیٹی کا آج اجلاس
حیدرآباد 21 اپریل (این ایس ایس) تلنگانہ کے ریاستی معتمد مقننہ نے کہا ہے کہ اوقافی جائیدادوں پر ایوان کی کمیٹی کا اجلاس چہارشنبہ کو 11 بجے دن کمیٹی ہال میں منعقد ہوگا۔ جس میں اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود اور پرنسپال سکریٹری محکمہ مال ریاست میں اوقافی اراضیات اور جائیدادوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔