حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ملک گیر سطح پر انتہائی اہمیت کے حامل تصور کئے جانے والے آئی آئی ٹی ، ٹریپل آئی ٹی اور این آئی ٹی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے طلباء کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے ٹاٹا کنسلٹنسی سرویس کی جانب سے زرین مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلہ میں ٹاٹا کنسلٹنسی سرویس نے کے ایس سی کنسلٹنسی کے اشتراک سے 24 جنوری کو ملک بھر میں مختلف مقامات پر تمثیلی جے ای ای ٹسٹ منعقد کیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ دونوں کنسلٹنسی سرویسیس ادارہ جات اپنے مستقبل کو درخشاں بنانے کے خواہش مند طلباء کی بہتر رہنمائی میں اپنا اہم رول ادا کررہی ہیں ۔ یہ ایک پہلا موقعہ ہے کہ 24 جنوری 2016 کے دن 11 بجے دن تا دوپہر دو بجے تک ملک گیر سطح پر 8 ریاستوں میں کمپیوٹر کے ذریعہ آن لائن ’ ماک ٹسٹ ‘ ( تمثیلی ٹسٹ ) منعقد کیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جے ای ای تمثیلی ٹسٹ میں توقع کے مطابق ملک گیر سطح پر زائد از دس ہزار طلباء کی شرکت کریں گے ۔ اور اس تمثیلی ٹسٹ کا پرچہ سوالات کا نمونہ جے ای ای ٹسٹ کی طرح کا ہی ہوگا ۔ بتایا جاتا ہے کہ تمثیلی ٹسٹ ریاست آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ ، گنٹور ، تروپتی ، راجمندری ، وشاکھا پٹنم اور ریاست تلنگانہ کے حیدرآباد ، ورنگل کے علاوہ ملک کے اہم شہروں دہلی ، ممبئی ، پونے ، بنگلور ، بھوبنیشور وغیرہ میں منعقد کیا جائے گا ۔ اس ٹسٹ میں شرکت کے خواہش مند طلباء 500 روپئے فیس آن لائن کے ذریعہ کے اے پی ایجوکیشنل کنسلٹنسی پرائیوٹ لمٹیڈ کو ( rankersjee.kabconsaltants.com ) پر ادا کرنا ہوگا ۔ مزید تفصیلات کے لیے 040-44559595 یا 09849966200 پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔ درخواست پیش کرنے کی آخری تاریخ 20 جنوری ہوگی اور تمثیلی ٹسٹ 24 جنوری کو منعقد ہوگا ۔۔