جے ای ای اور دیگر امتحانات آن لائن منعقد ہوں گے

نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی سے امیدواروں کی رہبری کیلئے ویڈیو اسباق کی تیاری
حیدرآباد۔26 ستمبر ( سیاست نیوز) جے ای ای مین اور دیگر داخلہ امتحان کو پہلی مرتبہ آن لائن منعقد کرنے والی نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی ( این ٹی اے ) نے طلبہ کی سہولت کیلئے این آئی ٹیز اور آئی آئی ٹیز کے پروفیسرس کے ذریعہ تدریسی ویڈیوز تیار کیا ہے اور ماہ جنوری میں منعقد شدنی جے ای ای مین کے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ ان تدریسی ویڈیوز کو ویب سائٹ nta.ac.in سے ڈاؤن لوڈ کر کے استفادہ کرسکتے ہیں جو کافی معاون ثابت ہوسکتے ہیں ۔ خواہشمند طلبہ اپنا نام رجسٹرڈ کر کے استفادہ کرسکتے ہیں ۔ بعد ازاں طلبہ کیلئے ماک اگزامس ( تمثیلی امتحانات ) بھی منعقد کئے جائیں گے چونکہ پہلی مرتبہ جے ای ای مین کے ساتھ ساتھ یو جی سی نیٹ کے امتحانات آن لائن منعقد ہونے کی وجہ سے طلبہ میں ایک قسم کا تجسس ہے ۔ یو جی سی نیٹ کے تمثیلی امتحانات 20-6 ڈسمبر اور جے ای ای مین کے تمثیلی امتحانات 20-6 جنوری منعقد ہوں گے اور جے ای ای مین کی درخواستیں 30 تاریخ تک داخل کی جاسکتی ہیں جبکہ ریاست تلنگانہ کے 17 اضلاع میں 90تمثیلی امتحانی سنٹرس کو 7,230 اور آندھراپردیش کے 13اضلاع کے 122 سنٹرس کو 14,437 کمپیوٹرس فراہم کئے جائیں گے ۔ جو طلبہ تمثیلی امتحانات میں شرکت کے خواہشمند ہیں وہ این ٹی اے ویب سائیٹ یا این ٹی اے اسٹوڈنٹ ایپ کے ذریعہ اپنے نام رجسٹرڈ کرانا ضروری ہے اور طلبہ کو ان سنٹرس کی تفصیلات امتحانات کی تاریخ سے قبل بذریعہ ایس ایم ایس روانہ کئے جائیں گے ۔ تاہم طلبہ اپنے قریبی سنٹرس کے نام درج کرنے پر انہیں کوئی ایک قریبی سنٹر مختص کیا جائے گا ۔