جے این یو کے طالب علم عمر خالد کو خود سپردگی اختیار کرنے کی ہدایت

نئی دہلی۔/23فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی ہائیکورٹ نے آج جے این یو طلباء عمر خالد اور انیربان بھٹا چاریہ کو ہدایت دی ہے کہ پولیس کے روبرو خود سپردگی اختیار کرتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کا سامنا کریں جن پر یونیورسٹی کیمپس میں قوم دشمن نعرے بلند کرنے کا الزام ہے۔ گرفتاری سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے دونوں طلباء کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ اپنے پسندیدہ مقام پر خودسپردگی اختیار کریں ۔ تاہم عدالت نے ایک وکیل کی اس درخواست کو مسترد کردیا کہ جے این کیمپس میں داخل ہوکر ملزم طلباء کو گرفتار کرنے کی دہلی پولیس کو ہدایت دی جائے۔ واضح رہے کہ عمر اور دیگر طلباء کا نام بغاوت کے کیس میں شامل کیا گیا ہے جو کہ یونیورسٹی کیمپس میں قوم دشمن نعرے بلند کرنے کے بعد روپوش ہوگئے تھے اور اتوار کی شام دوبارہ واپس آگئے۔ قبل ازیں آج عدالت نے دہلی پولیس کو ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے غداری کے الزام میں گرفتار جے این یو اسٹوڈنٹس یونین صدر کنہیا کمار کی درخواست ضمانت پر اپنے موقف کے بارے میں رپورٹ پیش کرے۔