نئی دہلی ۔ 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائدین ڈگ وجئے سنگھ اور اجئے ماکن نے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے طلبہ کے ایک گروپ کے ساتھ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کی تاکہ یونیورسٹی کی داخلہ پالیسی کی تازہ ترین ترمیمات کے مسئلہ پر پرنب مکرجی کی توجہ مبذول کی جاسکے۔ طلبہ کا تعلق کانگریس سے الحاق رکھنے والی این ایس یو آئی سے تھا۔ اس کے صدر پہلے ہی یونیورسٹی کے وزیٹر کو یادداشت پیش کرچکے ہیں۔ پی ایچ ڈی اور ایم فل میں داخلوں کے بارے میں قواعد یو جی سی کے اعلامیہ کے مطابق مسلط کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے یادداشت پیش کی گئی ہے۔ جے این یو کا انتظامیہ اور طلبہ برادری کے درمیان گذشتہ ڈسمبر میں اس فیصلہ کے بعد سے ہی تنازعہ شروع ہوگیا ہے۔ یونیورسٹی نے تیقن دیا ہیکہ ترمیمات استقدامی اثر سے لاگو نہیں ہیں۔