جے این یو کا ایک اور طالب علم گرفتار بغاوت کیس میں پولیس کی پوچھ تاچھ

نئی دہلی 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جواہرلعل نہرو یونیورسٹی کا ایک اور طالب علم اشوتوش جوکہ بغاوت کیس میں پولیس کو مطلوب تھا، پولیس کا سمن حاصل کرنے کے بعد آج تحقیقات میں شامل ہوگیا۔ اشوتوش جوکہ کنہیا کمار سے پہلے اسٹوڈنٹس یونین کا صدر تھا، پولیس کو مطلوب دیگر طلباء عمر خالد اور انیربین کے ساتھ روپوش ہوگیا تھا جبکہ دیگر طلباء اتوار کی شب یونیورسٹی کیمپس میں منظر عام پر آئے تھے۔ تاہم دیگر 2 طلباء رام ناگا اور اننت کمار کو ہنوز پولیس کا سمن وصول نہیں ہوا ہے جنھوں نے پہلے ہی پولیس کو مطلع کردیا ہے کہ وہ تحقیقات میں شامل ہونے کے لئے تیار ہیں۔ کیمپس میں اتوار کی شب منظر عام پر آنے کے بعد دوسرے دن خالد اور اینربین نے خودسپردگی اختیار کرلی تھی۔ بغاوت کیس کے سلسلہ میں پولیس مذکورہ 5 طلباء کی تلاش میں تھی جبکہ اس کیس میں صدر یونین کنہیا کمار کو 12 فروری کے دن گرفتار کرلیا گیا تھا۔ پولیس نے کل پہلی مرتبہ کنہیا کمار، انیربین کو عمر خالد کو آمنے سامنے بٹھاکر پوچھ کی تھی۔ پولیس نے 22 افراد کی نشاندہی کی ہے جنھوں نے 9 فروری کو منعقدہ متنازعہ پروگرام میں سرگرم حصہ لیا تھا اور باور کیا جاتا ہے کہ اشوتوش، خالد اور انیربین اور دیگر طلباء اس پروگرام کے منتظمین تطھے جہاں پر قوم دشمن نعرے بلندکئے گئے تھے۔