جے این یو میں کنہیا کمار نے ہی پروگرام کروایا تھا

جسٹس پرتبھا رانی کو 13 صفحات پر مشتمل پولیس رپورٹ پیش
نئی دہلی ۔ 24  فبروری۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جواہر لال نہرو یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین لیڈر کنہیا کمار کو غداری کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے اس کے تعلق سے رپورٹ تیار کرتے ہوئے دہلی ہائیکورٹ کو پیش کردہ رپورٹ میں پولیس نے بتایا کہ کنہیا کمار نے ہی یونیورسٹی میں پروگرام منعقد کروایا تھا ۔ اس پروگرام میں نہ صرف قوم دشمن نعرے لگائے گئے بلکہ اس پروگرام میں اس نے حصہ لے کر کیمپس میں ماحول کشیدہ بنایا تھا۔ جسٹس پرتبھا رانی کو پیش کردہ 13 صفحات کی اپنی رپورٹ میں پولیس نے دعویٰ کیا کہ کنہیا کمار کے علاوہ اور دیگر ملزم افراد کے علاوہ بعض عناصر بھی اس پروگرام میں موجود تھے ۔ 9 فبروری کو منعقدہ اس اجلاس کے دوران جے این یو کے طلباء کے ساتھ بیرونی عناصر نے بھی شرکت کی ۔ یہ لوگ اپنی شناخت پوشیدہ رکھنے کیلئے چیرے پر نقاب ڈالا تھا ۔ تحقیقات کے دوران مختلف عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کئے گئے۔ جن لوگوں نے پروگرام میں حصہ لیا تھا انھوں نے اپنا بیان قلمبند کیا ہے ۔ تحقیقاتی ایجنسی درخواست گذار کنہیا اور شریک ملزم کے علاوہ بیرونی عناصر کے درمیان ان کے تعلق کی جانچ کی ہے ۔ پولیس نے جسٹس پرتبھا رانی کو پیش کردہ رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ 9 فبروری کے دن کنہیا کمار نے ساتھیوں کو جمع کرکے منظم طریقہ سے پروگرام منعقد کیا اور مخالف ملک نعرے لگائے ۔ بادی النظر میں کنہیا کمار کو اس واقعہ کا قصوروار ٹھہرایا گیا ہے ۔ دہلی پولیس نے غداری کے معاملہ کی تحقیقات کرتے ہوئے کنہیا کے خلاف ثبوت اکٹھا کرنے کی کوشش کی ہے ۔