جے این یو میں مجوزہ اسلامک دہشت گردی کورس

دہلی اقلیتی کمیشن کی جانب سے نوٹس جاری ، وضاحت طلب
نئی دہلی ۔ 22 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی اقلیتی کمیشن نے آج جواہر لعل نہرو یونیورسٹی ( جے این یو ) کے رجسٹرار کو ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے اسلامک دہشت گردی پر ایک کورس شروع کرنے یونیورسٹی کی تجویز کے پیچھے کیا وجوہات کارفرما ہیں اس سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے ۔ مجوزہ کورس کے تعلق سے شائع ہونے والی رپورٹس کا ازخود جائزہ لیتے ہوئے کمیشن نے رجسٹرار سے کہا ہے کہ وہ تفصیلات داخل کرے کہ آیا کس بنیاد پر اسلامک دہشت گردی کے تعلق سے کورس متعارف کیاجانے والا ہے ۔ اقلیتی کمیشن کے چیرمین ظفراسلام خان نے کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے شروع کئے جانے والے مجوزہ اسلامک دہشت گردی کورس کی رپورٹ سامنے آئی ہے ۔ جے این یو اکیڈیمک کونسل نے مرکز برائے علاقائی سلامتی مطالعات قائم کرنے کی ایک تجویز کو منظوری دی ہے ، جس کے تحت اسلامک دہشت گردی پر ایک کورس شروع کیا جائے گا ۔ گزشتہ ہفتے اس اجلاس میں شریک ہونے والے ایک پروفیسر یہ بات بتائی تھی ۔ دہلی اقلیتی کمیشن نے جے این یو انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ اس نوٹس کا فوری جواب دے، آیا اس تعلق سے کوئی تجویز رکھی گئی ہے یا تصوراتی خاکہ پیش کیا گیا ہے ۔ کمیشن نے اس کی ایک کاپی طلب کی ہے ۔ یہ بھی سوال کیا گیاہے کہ جے این یو نے اس کورس کے متعارف کئے جانے کے بعدرونما ہونیو الی صورتحال کا جائزہ بھی لیا ہے یا نہیں ۔ یونیورسٹی میں زیرتعلیم طلباء پر اس مضمون کو متعارف کئے جانے کا کیا اثر پڑے گا یہ بھی غور کرنا ہوگا ۔ کمیشن نے سوال کیا کہ اس وسیع تر معاشرہ میں ایسے مضامین یا کورسیس کو متعارف کرانے کے کیا اثرات ہوتے ہیں اس پر بھی توجہ دی جانی چاہئے ۔