جے این ٹی یو کے 240 ملحقہ انجینئرنگ و فارمیسی کالجوں کو نوٹس

یونیورسٹی شرائط کی عدم تکمیل پر کارروائی ، اندرون دس یوم وضاحت کرنے کی مہلت
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کے کوکٹ پلی حیدرآباد میں واقع جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی نے اپنے ملحقہ ( مسلمہ موقف کے حامل ) انجینئرنگ ، فارمیسی اور ایم ٹیک کالجوں میں قواعد و ضوابط پر عمل آوری نہ کرنے والے تقریبا 240 کالجوں ( انجینئرنگ ، بی فارمیسی ، و ایم ٹیک وغیرہ ) کو نوٹسیں جاری کی ہے ۔ یونیورسٹی کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ سال 2019 کے لیے یونیورسٹی سے الحاق حاصل کرنے کے لیے گذشتہ دنوں کے دوران ہی مکمل تفصیلات کے ساتھ درخواستیں پیش کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں ۔ جس کے پیش نظر جن انجینئرنگ ، فارمیسی ، و ایم ٹیک کالجوں کے انتظامیوں کی جانب سے وصول ہونے والی درخواستوں کی روشنی میں مذکورہ کالجوں میں الحاق کے حصول کے لیے مقررہ شرائط کی تکمیل کی گئی یا نہیں ، اس کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ٹیموں کو اس بات کا پتہ چلا کہ مذکورہ 240 کالجوں کی جانب سے مقررہ شرائط پر صد فیصد عمل آوری نہیں کی جارہی ہے ۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ کالجوں کے انتظامیوں کو وضاحت طلب کرتے ہوئے نوٹسیں جاری کی گئی ہیں ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ جن انجینئرنگ ، فارمیسی اور ایم ٹیک کالجوں کو نوٹسیں جاری کی گئیں ۔ ان کالج انتظامیوں سے اندرون دس یوم مکمل وضاحت کرنے کی خواہش کی ہے اگر اس مدت کے دوران کالج انتظامیوں کی جانب سے مناسب انداز میں وضاحت وصول نہ ہونے کی صورت میں ان کالجوں کا جے این ٹی یو سے الحاق مکمل طور پر ختم کردینے کا سخت انتباہ دیا گیا ۔۔