جے این ٹی یو حیدرآباد کا کل کانوکیشن

گورنر ای ایس این ایل نرسمہن صدارت کریں گے ، وائس چانسلر گوپال ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔7مئی (سیاست نیوز) جواہر لعل نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد کا ساتواں کانووکیشن 9مئی کو یونیورسٹی کیمپس میں منعقد کیا جائے گا۔پروفیسراے وینو گوپال ریڈی وائس چانسلر جے این ٹی یو نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ساتویں کانووکیشن کی صدارت گورنر آندھراپردیش و تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کریں گے اور اس تقریب میں کانووکیشن کا خطبہ ڈاکٹر وی رام گوپال ڈائریکٹر آئی آئی ٹی دہلی پیش کریں گے ۔ پرورفیسر اے وینوگوپال ریڈی نے بتایا کہ اس کانووکیشن کے دوران گریجویٹ‘ پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو ڈگریاں عطا کی جائیں گی اور 64 اعلی نشانات سے غیر معمولی تعلیمی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے والوں کو گولڈ میڈل دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جواہر لعل نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی کو قومی سطح پر مقبولیت حاصل ہو رہی ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے یونیورسٹی کی سراہنا کی جا رہی ہے۔انہوں نے کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ جے این ٹی یو میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے کامیاب ہونے والے طلبہ میں بی ٹیک کرنے والے 54ہزار580نوجوان شامل ہیں جنہوں نے کامیابی حاصل کی ہے اسی طرح بی فارما میں 3502 کامیاب امیدوار ہیں۔ اس کے علاوہ ایم ٹیک‘ ایم بی اے‘ ایم سی اے و دیگر کورسس میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی کثیر تعداد شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے متعد داقدامات کئے گئے جس کے مثبت نتائج برآمد ہوتے جا رہے ہیں۔وائس چانسلر نے بتایا کہ جے این ٹی یو حیدرآباد کے معیار کو عالمی سطح پر مقبولیت حاصل ہونے لگی ہے اور دنیا کے بیشتر ممالک میں فارغین اعلی عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں جو کہ یونیورسٹی کیلئے اعزاز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی طلبہ کی جانب سے تحقیقی پراجکٹس کو گرانقدر گرانٹ حاصل ہو رہی ہے ۔ پروفیسر اے وینو گوپال ریڈی نے بتایا کہ یونیورسٹی کو قلیل مدت میں کافی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور جاریہ سال یونیورسٹی انتظامیہ نے آن لائن ایمسیٹ کے انعقاد کے ذریعہ ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی سطح پر چلائے جانے والی ٹیکنالوجیکل یونیورسٹیز میں شامل 4 یونیورسٹیز کے سرپرست کی حیثیت جے این ٹی یو کو حاصل ہے اور ترقیاتی کاموں کے لئے ان 4 یونیورسٹیز کو فی کس 7 کروڑ روپئے حاصل ہو رہے ہیں۔ ان 4یونیورسٹیز میں آسام اسٹیٹ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی ‘ راجستھان ٹیکنیکل یونیورسٹی ‘ آر جی پی وی بھوپال کے علاوہ سوامی ویویکا نندا چھتیس گڑھ ٹیکنیکل یونیورسٹی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کو این آئی آر ایف کی درجہ بندی میں 42 واں مقام حاصل ہوا ہے۔پروفیسر اے وینوگوپال کے ہمراہ دیگر ذمہ داران جامعہ موجود تھے ۔