چینائی۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے۔ ٹاملناڈو میں کانگریس کی تاریخ کا اعادہ ہو جبکہ سینئر کانگریسی قائد جی کے واسن نے پارٹی سے ترک تعلق کرلیا تاکہ ایک نئی سیاسی پارٹی قائم کرسکے جیسا کہ ان کے والد جی کے موپنار نے 18 سال قبل کیا تھا۔ انا ڈی ایم کے کے ساتھ انتخابی اتحاد کے کانگریس کے فیصلہ پر ناراض موپنار نے جو ایک کہنہ مشق اور بااثر کانگریسی قائد تھے، پارٹی سے ترک تعلق کرلیا تھا اور ٹاملناڈو منیلا کانگریس 1996ء میں قائم کی تھی، لیکن ان کے انقال کے بعد ان کی پارٹی 2002ء میں کانگریس میں ضم ہوگئی تھی۔ واسن 14 سال کانگریس میں رہنے کے بعد آج ٹاملناڈو میں ایک نئی پارٹی قائم کررہے ہیں تاہم ’’کامراج اقتدار‘‘ کا احیاء کیا جاسکے۔ کامراج ناڈار بھی ٹاملناڈو کے ایک محترم قائد رہ چکے ہیں۔