جی ڈی پی 7 سال میں 5 ٹریلین ڈالر ہوجائیگی:امبانی

نئی دہلی ۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی نے آج کہاکہ ہندوستان کی جی ڈی پی مجموعی دیسی پیداوار اگلے 7 سال میں دوگنی ہوکر 5 ٹریلین امریکی ڈالر تک پہونچ جائے گی اور 2030 ء تک 10 ٹریلین ڈالر ہوگی اور اس طرح اکیسویں صدی کے وسط تک چین پیچھے ہوجائے گا۔ ہندوستان ٹائمز لیڈرشپ سمٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈ کے چیرمین اور منیجنگ ڈائرکٹر امبانی نے یاد دلایا کہ 2004 ء میں اُنھوں نے پیش قیاسی کی تھی کہ ہندوستان جو تب 500 بلین ڈالر والی معیشت تھا، 20 سال میں 5 ٹریلین ڈالر کے نشانے کو چھولے گا۔ آج وہ پیش قیاسی یقینی معلوم ہوتی ہے۔ بلاشبہ یہ 2024 ء سے قبل حاصل کرلیا جائے گا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ہندوستانی معیشت آئندہ 10 سال میں سہ گنا ہوکر 7 ٹریلین ڈالر ہوجائے گی اور دنیا کی تیسری بڑی معیشت رہے گی۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ 2030ء تک ہندوستانی معیشت 10 ٹریلین ڈالر کے سنگ میل کو عبور کرسکتی ہے اور ہندوستان بہت یقین ہے کہ دنیا کی سب سے خوشحال قوم بن جائے گا اور ایک صدی کے اندرون امریکہ اور چین کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستانی کمپنیاں بیرون ملک بھی سرمایہ کاری کررہی ہیں۔