نئی دہلی 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آر بی آئی نے شرح ترقی میں جاریہ سال ترمیم کرتے ہوئے اِسے 7.4 مقرر کیا ہے۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہاکہ حکومت جی ڈی پی کے تفصیلات کا دوبارہ تخمینہ کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ہمارے لئے ضروری نہیں کہ ہم موجودہ مرحلہ پر متوازی فیصلہ کریں۔ ہم صورتحال کا ازسرنو تخمینہ کریں گے۔ آر بی آئی نے چوتھے دو ماہی مالیاتی پالیسی نظرثانی کے بعد بیان جاری کیا ہے۔ معاشی مشیر اعلیٰ اروند سبرامنیم نے کہاکہ دوسری سہ ماہی کے نتائج حاصل ہونے کے بعد دوبارہ تخمینہ کیا جائے گا۔ آر بی آئی نے معاشی ترقی کی پیش قیاسی جاریہ مالی سال کے لئے قبل ازیں 7.6 فیصد مقرر کی تھی جس پر نظرثانی کرکے اِسے 7.4 فیصد کردیا ہے۔ وزارت فینانس نے قبل ازیں مالی سال 2015-16 ء کے لئے شرح ترقی 8.1 سے 8.5 فیصد ہونے کی پیش قیاسی کی تھی لیکن اب ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اِس نشانہ کو حاصل کرنا مشکل ہوگا۔ پہلی سہ ماہی کے نتائج صرف 7 فیصد شرح ترقی رہے۔ جیٹلی نے کہاکہ حکومت مالی خسارہ کے نشانوں کی تکمیل کی پابند ہے۔ اِس کے لئے افراط زر اور محصلہ فوائد کو مرتکز کیا جائے گا۔ حکومت نے مالی خسارہ کا نشانہ جی ڈی پی کا 3.9 فیصد جاریہ مالی سال کے لئے مقرر کیا تھا۔ آر بی آئی کا فیصلہ کہ ریپو کی شرح یا مختلف مدتی قرضوں کی شرح سود 7.25 فیصد سے کم کرکے 6.75 فیصد کردی جائے گی ۔ ایک نمایاں موقع فراہم کرتا ہے جس سے حقیقی معیشت کو پالیسی کی تائید حاصل ہوسکتی ہے اور اِس سے معاشی بحالی کا عمل بہتر ہوسکتا ہے۔