جی پی اور اے جی پی کے تقررات میں مسلمانوں کے ساتھ سنگین نا انصافی

مسلم وکلا نظر انداز ، 64 رکنی اسٹانڈنگ کونسل کے عہدوں پر صرف 2 وکلا کا تقرر: ویلفیر پارٹی کا شدید ردعمل
حیدرآباد ۔ 3۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : ٹی آر ایس حکومت نے ریاست کی ہائی کورٹ ، نچلی عدالتوں اور ٹریبونل عدالتوں میں جی پی (سرکاری وکیل ) اور اے جی پی ( نائب استغاثہ ) کے تقررات میں مسلم وکلا کے ساتھ سنگین نا انصافی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ ایک دن قبل ہی اعلان کئے گئے ناموں میں کسی بھی مسلم وکیل کا نام شامل نہیں ہے ۔ جب کہ مختلف محکموں اور کارپوریشنس سے منسلک رہنے والے وکیل اسٹانڈنگ کونسل کے تقررات میں بھی مسلم وکلا کو یکسر نظر انداز کردیا ۔ ایک جملہ چونسٹھ اسٹانڈنگ کونسل کے تقرر کا اعلان کیا گیا جس میں صرف دو نام مسلم وکلا کے ہیں ۔ حکومت نے ابتدا میں جی پی اور اے جی پی کے تقرر میں مسلم وکلا کو نظر انداز کیا لیکن مسلم وکلا اس بات کے منتظر تھے کہ کم از کم مختلف کارپوریشنوں اور اداروں کے اسٹانڈنگ کونسل کی حیثیت سے ہی صحیح ان کا تقرر ہوگا لیکن صرف دو وکلا کا تقرر کر کے ٹی آر ایس حکومت نے اپنی نیت کا اظہار کردیا ۔ صدر ویلفیر پارٹی تلنگانہ سید شفیع اللہ قادری ایڈوکیٹ نے ریاستی حکومت کے اس طرز عمل پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمتوں اور تعلیم کے شعبوں میں بارہ فیصد تحفظات کا تو اعلان کیا لیکن نامزد عہدوں پر تقرر میں بھی مسلم اقلیت کے ساتھ نانصافی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سراسر نا انصافی کی بات ہے کہ جی پی تقررات میں صرف ایک عہدہ ، اے جی پی اسامیوں میں صرف تین مسلم وکلا کا تقرر کیا گیا جو کہ انتہائی نا انصافی کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹانڈنگ کونسل کے 64 عہدوں میں صرف دو پر مسلم وکلا کا تقرر کیا گیا ۔ انہوں نے سوال کیا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام سے قبل تک ٹی آر ایس پارٹی ، آندھرائی لیڈروں کو مسلمانوں کے ساتھ نا انصافی کے لیے ذمہ دار ٹھہراتی آئی ہے جب کہ اقتدار میں آنے کے بعد انصاف سے ٹی آر ایس حکومت کو کونسی طاقت روک رہی ہے ۔ شفیع اللہ قادری ایڈوکیٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جی پی ، اے جی پی اور اسٹانڈنگ کونسل کے تقررات میں مسلم وکلا کے ساتھ انصاف کرے اور مسلم اقلیتوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ویلفیر پارٹی تلنگانہ اس نا انصافی کے خلاف احتجاج کرے گی اور مسلم وکلا کے ساتھ بات چیت کر کے مستقبل کا لائحہ عمل طئے کرے گی ۔۔