جی ویویک اور جی ونود کی کانگریس میں واپسی کی قیاس آرائی

نئی دہلی میں قیام پذیر، احمد پٹیل اور ڈگ وجئے سنگھ سے ربط

حیدرآباد۔/29مارچ، ( سیاست نیوز) رکن پارلیمنٹ جی ویویک اور سابق وزیر جی ونود کی دوبارہ کانگریس میں واپسی کی قیاس آرائیوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔ سینئر کانگریس قائدجی وینکٹ سوامی کے دونوں فرزندوں نے گذشتہ سال کانگریس سے استعفی دے کر ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی تھی جو ان دنوں نئی دہلی میں قیام پذیر ہیں جبکہ کانگریس پارٹی لوک سبھا اور اسمبلی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے رہی ہے۔ جی ویویک نے تاہم دہلی کے اپنے دورہ کو نجی دورہ قرار دیا اور کہا کہ اس کا سیاسی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں۔ وہ اپنی کمپنی کے بعض قانونی اُمور کی تکمیل کے سلسلہ میں دہلی میں ہیں۔ کانگریس کے سینئر قائدین احمد پٹیل اور ڈگ وجئے سنگھ اپنے سابقہ قائدین سے ربط میں بتائے جاتے ہیں تاکہ انہیں کانگریس میں واپسی کیلئے راضی کیا جاسکے۔ کانگریس میں واپسی کی اطلاعات کے درمیان ہی گذشتہ دنوں ویویک نے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی تھی اور ٹی آر ایس میں برقراری کا اعلان کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ ویویک نے ٹی آر ایس سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ان کے بھائی جی ونود کو بیلم پلی کے بجائے چنور سے پارٹی ٹکٹ دیں تاہم کے سی آر اس کے لئے تیار دکھائی نہیں دیتے۔ مجالس مقامی میں ان کے سفارش کردہ امیدواروں کو ٹکٹ نہ دیئے جانے سے بھی ویویک ناراض بتائے جاتے ہیں۔