حیدرآباد۔/11فبروری، ( این ایس ایس ) چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ کے سپوت جی وینکٹ سوامی ( کاکا ) کی یادگار نیکلس روڈ پر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جی وینکٹ سوامی کے فرزند اور کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ جی وویک نے آج ان سے ملاقات کی جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ وویک نے یادگار کیلئے اراضی فراہم کرنے کی خواہش کی تھی۔ کے سی آر نے صدرنشین ایچ ایم ڈی اے پردیپ چندرا کو اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی۔ کے سی آر نے کہا کہ یادگار پر کاکا کا مجسمہ نصب کیا جائے گا جنہوں نے علحدہ ریاست کیلئے انتھک جدوجہد کی اور قوم کی خدمت بھی انجام دی۔ وہ ایک دلت لیڈر تھے۔ ’سیاست نیوز‘ کے بموجب کانگریس پارٹی کے سابق رکن پارلیمنٹ پداپلی مسٹر جی وویک نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ کانگریس پارٹی سے ہی وابستہ رہیں گے اور کسی دیگر سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہوں گے۔ آج یہاں چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر وویک نے کہا کہ بعض دیگر مسائل پر بات چیت کی گئی اور بالخصوص میرے والد آنجہانی جی وینکٹ سوامی کی یادگار قائم کرنے کے سلسلہ میں بات چیت کی گئی۔