جی ایچ ایم سی کے وارڈس کی تعداد 200 تک بڑھانے کا فیصلہ

حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست نیوز) حکومت نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے وارڈس کی تعداد کو بڑھاکر 200 کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے جی او ایم ایس 60 جاری کیا گیا۔ 2001 ء مردم شماری کے اعتبار سے وارڈس کی تعداد کے تعین اور اضافہ کے سلسلہ میں حکومت نے محکمہ بلدی نظم و نسق کو اجازت دی ہے۔ منتخبہ نمائندوں کی تعداد کے سلسلہ میں حکومت نے 20 اپریل 2005 ء کو جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے تھے، اس کی بنیاد پر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے وارڈس کی نئی حد بندی کی گئی ہے ۔ حکومت نے قواعد میں ترمیم کرتے ہوئے جی او جاری کیا جس کے تحت وارڈس کی تعداد کو 200 مقرر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ کی جانب سے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے جلد انعقاد کی ہدایت کے بعد حکومت نے وارڈس کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت جلد انتخابات کے حق میں ہے کیونکہ ہائیکورٹ نے حکومت کو انتخابی شیڈول حوالے کرنے کی ہدایت دی۔ گریٹر حیدرآباد کے وارڈس کی تعداد میں اضافہ پر سیاسی حلقوں میں مسرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اسی دوران حکومت نے ایک اور جی او جاری کرتے ہوئے مجالس مقامی کے نمائندوں کے اعزازیہ اور سفری خرچ پر نظرثانی کی ہے۔ نئے احکامات کے مطابق میئر کو ماہانہ اعزازیہ اور سفری الاؤنس کے طور پر 50,000 روپئے ادا کئے جائیں گے جبکہ ڈپٹی میئر کو 25,000 اور کارپوریٹر کو 6000 روپئے ادا کئے جائیں گے۔ اسپیشل گریڈ میونسپلٹیز کے صدرنشین کو 15,000 ، نائب صدرنشین کو 7500 اور وارڈ میمبرس کو 3500 اعزازیہ مقرر کیا گیا۔ دیگر میونسپلٹیز اور نگر پنچایتوں کے صدرنشین کو 12,000 ، نائب صدرنشین کو 5000 اور وارڈ ممبرس کو 2500 اعزازیہ مقرر کیا گیا۔