سومیش کمار آج بلدی ادارہ کے سربراہ کی ذمہ داری سنبھالیں گے
حیدرآباد 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے منتخبہ بلدی ارکان و نامزد کردہ ارکان کی میعاد مکمل ہوچکی ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر سومیش کمار نے آج میئر، ڈپٹی میئر، اراکین بلدیہ کے اعزاز میں وداعی تقریب منعقد کی۔ 3 ڈسمبر کو میئر و اراکین بلدیہ کی میعاد مکمل ہوجائے گی اور بلدی اُمور کی انجام دہی کی ذمہ داری کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو تفویض کردی جائے گی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے 2009 ء میں ہوئے انتخابات میں منتخب ہونے والے اراکین بلدیہ کی میعاد کی تکمیل کے موقع پر منعقدہ وداعی تقریب کے دوران اراکین بلدیہ و عہدیدار کامیاب میعاد کی تکمیل پر ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے دیکھے گئے۔ حکومت کی جانب سے تاحال مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی ہے لیکن توقع کی جارہی ہے کہ ماہ جون میں انتخابات کو یقینی بنانے کے اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی انتخابات کے لئے عدالت العالیہ کے احکامات کے مطابق بلدی حلقوں کی ازسرنو حد بندی یقینی بنانا ضروری ہے اسی لئے سمجھا جارہا ہے کہ بلدی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر بھی ہوسکتی ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے منتخبہ و نامزد کردہ اراکین کی میعاد مکمل ہونے کے بعد اب جی ایچ ایم سی حدود میں بلدی امور کی مکمل نگرانی و اختیارات کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو تفویض کردیئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ میئر جی ایچ ایم سی جناب محمد ماجد حسین 3 ڈسمبر کو اپنی 3 سالہ کارکردگی کے متعلق ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو واقف کروائیں گے کہ میعاد تکمیل کرنے والے اراکین و اسٹانڈنگ کمیٹی کی جانب سے شہر کی ترقی کے لئے کیا اقدامات کئے گئے اور شہریوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کس حد تک یقینی بنائی گئی ہے۔