کوچنگ کے لیے آن لائن داخلے ، عنقریب اعلامیہ کی اجرائی ، بلدیہ سے انتظامات کی تیاری
حیدرآباد۔14مارچ(سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے آئندہ ماہ کے اوائل میں سمر کیمپ کا آغاز کردیا جائے گا اور دونوں شہروں میں موجود جی ایچ ایم سی اسپورٹس کامپلکس اور سوئمنگ پولس میں خصوصی تربیتی پروگرامس کا آغاز ہوگا۔ شہر حیدرآباد اور بلدی حدود میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے گرمائی تعطیلات کے دوران چلائے جانے والے ان گرمائی کیمپس کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدارو ںنے منصوبہ بندی شروع کردی ہے اور کہا جا رہاہے کہ اعلی عہدیداروں نے شعبہ اسپورٹس کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ملک میں انتخابی ضابطہ اخلاق اور شہر میں انتخابی تیاریوں کا بہانہ کرتے ہوئے سمر کیمپ کی شروعات میں کسی قسم کی تاخیر نہ کریں بلکہ گرمائی تعطیلات کے ساتھ ہی گرمائی کیمپ کی شروعات کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔ بتایاجاتا ہے کہ سال گذشتہ کی طرح اس مرتبہ بھی موسم گرما کے دوران چلائی جانے والی سمر کوچنگ اور سمر کیمپ میں آن لائن داخلہ فراہم کیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جی ایچ ایم سی کے تحت چلائے جانے والے جملہ 7 سوئمنگ پولس کو آئندہ ماہ کے اوائل سے شروع کردیئے جانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ ماہ اپریل کی شروعات میں چندو لعل بارہ دری ‘ مغلپورہ‘ وجئے نگر کالونی ‘ امیر پیٹ صنعت نگر کے علاوہ عنبر پیٹ میں موجود سوئمنگ پولس کی کشادگی کے اقدامات کئے جا رہے ہیںا ور ان تمام سوئمنگ پولس کی صفائی کی ہدایت جاری کی جا چکی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سکندرآباد سوئمنگ پول کے علاوہ چند دیگر سوئمنگ پولس میں معمولی مرمتی کام کئے جانے ہیں اور ان کاموں کی تکمیل کے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے دونوں شہروں میں 195مقامات پر کراٹے کی تربیت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور شہر کے مختلف اسپورٹس کامپلکس کے علاوہ کمیونیٹی ہالس میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے کراٹے کی تربیت فراہم کی جائے گی۔اس کے علاوہ دونوں شہروں میں 75مقامات پر باکسنگ کی تربیت فراہم کی جائے گی ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ان کے علاوہ دیگر ان ڈور اور آؤٹ ڈور کھیلوں میں تربیت کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں اور گرمائی تعطیلات کے دوران کئے جانے والے ان اقدامات میں حصہ لینے والوں کو آن لائن اپنے پسندیدہ کھیل میں تربیت کے حصول کے لئے درخواست داخل کرنی ہوگی۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ماہ کے اوائل میں ہی گرمائی تربیتی کیمپس میں داخلوں کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی ۔