جی ایچ ایم سی کے بدعنوان عہدیداروں کو سزا دینے ہائیکورٹ کی ہدایت

حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) شہر میں غیر مجاز تعمیرات اور منظورہ پلان سے ہٹ کر تعمیرات کو نظرانداز کرنے والے جی ایچ ایم سی کے بدعنوان عہدیداروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے سخت سزا دینے کی حکومت کو ہائیکورٹ نے ہدایت دی ہے۔ منظورہ پلان سے ہٹ کر تعمیرات کی اجازت دینے والے جی ایچ ایم سی فیلڈ عہدیداروں اور عملہ کی لاپرواہی کا سخت نوٹ لیتے ہوئے تلنگانہ ہائیکورٹ نے آج حکام کو ہدایت دی کہ وہ ایسے عہدیداروں کے خلاف مقدمہ چلائے۔ عدالت نے ایک ہفتہ کے اندر اپنی کی گئی کارروائی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف جسٹس ٹی بی رادھا کرشنن اور جسٹس اے راج شیکھر ریڈی نے کوکٹ پلی کے جی ناگیشور راؤ اور جی نرسنگ راؤ کی جانب سے داخل کردہ ایک درخواست کی سماعت کے بعد یہ ہدایت دی۔ اِن درخواست گذاروں نے اپنی عمارتوں کے تحفظ کے لئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا کیوں کہ بلدیہ نے ان کی عمارتوں کو منہدم کرنے کی کارروائی شروع کی تھی۔