نامپلی سرائے میں پائلٹ سنٹر کی شروعات، 50 سنٹرس قائم کرکے 15 ہزار لوگوں کو کھانا فراہم کرنے کا منصوبہ
حیدرآباد۔ 2 مارچ (پی ٹی آئی) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) نے آج یہاں نامپلی سرائے میں غریبوں کو 5 روپئے میں سبسڈی پر گرم اور صحت بخش کھانا فراہم کرنے کی ایک اسکیم کے پائٹ سنٹر کا آغاز کیا۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے جس کا منصوبہ روزانہ 15,000 افراد کو کھانا فراہم کرنے کا ہے، اس طرح کے 50 سنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ ہر سنٹر سے 300 افراد کو کھانا فراہم کرنے کا انتظام کیا جائے گا۔ اس کھانے کی اصل قیمت 20 روپئے ہوگی، تاہم جی ایچ ایم سی باقی رقم برداشت کرے گا۔ اس کام کے آغاز کیلئے جی ایچ ایم سی نے اکشئے پترا فاؤنڈیشن کے ساتھ اشتراک کیا ہے جسے ہرے کرشنا مومنٹ کی جانب سے چلایا جاتا ہے جو یہ کھانا تیار کرے گا۔ چاول، دال ؍ سانبر، سبزی اور اچار پر مشتمل ویجیٹیرین کھانے کو دوپہر 12 بجے تا ایک بجے دن کے دوران پہلے آنے والوں کو پہلے موقع کی اساس پر کاغذ کے پلیٹس میں سربراہ کیا جائے گا۔
جی ایچ ایم سی نے اس کیلئے اس کے بجٹ 2014-15ء میں 11 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سومیش کمار نے کہا کہ اس اسکیم کے استفادہ کنندگان زیادہ تر نقل مقام کرکے آنے والے ورکرس ہوں گے جو ہوٹلوں میں کھانے کیلئے 40 تا 50 روپئے ادا نہیں کرسکتے۔ اس اسکیم کو شروع کرنے کے محرکات کے بارے میں پوچھنے پر کمشنر بلدیہ نے کہا کہ ’’میں نے مزدوروں کے اڈوں پر کئی غریب افراد کو دیکھا ہے، میں اس طرح کا سماجی پس منظر رکھتا ہوں اور این جی اوز کے ساتھ مل کر کام کیا ہے اور میرا احساس ہے کہ یہ ایک ٹھیک وقت ہے‘‘۔ چونکہ اکشئے پترا فاؤنڈیشن کے اشتراک سے آج تجرباتی پروگرام تو شروع کیا گیا ہے۔ اس پر عمل درآمد کرنے والی کیا ایک ہی ایجنسی ہوگی یا پھر مستقبل میں مختلف ایجنسیوں کو اس میں شریک کیا جائے گا، اس سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا، سومیش کمار نے کہا کہ دیگر پائلٹ سنٹرس کوٹھی، چنتل بستی اور مہدی پٹنم میں قائم ہوں گے۔