حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( آئی این این ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) نے جاریہ مالی سال کے دوران پانچ روپئے کھانا اسکیم کو مزید 100 سنٹرس میں توسیع دینے کی تجویز رکھتا ہے ۔ کمشنر و اسپیشل آفیسر جی ایچ ایم سی مسٹر سومیش کمار نے یہ بات بتائی ۔ وہ آج یہاں ستیم تھیٹر امیر پیٹ میں 23 ویں کھانا اسکیم کے سنٹر کے افتتاح کے بعد مخاطب تھے ۔ سنٹر کا افتتاح وزیر کمرشیل ٹیکس تلنگانہ مسٹر ٹی سرینواس یادو نے کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ سال بلدیہ کی جانب سے متعارف کردہ پانچ روپئے کھانا اسکیم پر حوصلہ افزاء ردعمل حاصل ہوا ہے ۔ جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے بلدیہ نے سال 2015-16 کے بجٹ میں مزید 100 سنٹرس کے قیام کے لیے 20 کروڑ روپیوں کا غیر معمولی بجٹ مختص کیا ہے ۔ مسٹر سومیش کمار نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کی پانچ روپئے فوڈ اسکیم سے غریب اور ضرورت مند افراد کو تغذیہ بخش غذا فراہم کی جارہی ہے ۔ گذشتہ سال اس اسکیم کے تحت 13 لاکھ افراد کو رعایتی قیمت پر کھانافراہم کیا گیا ۔ کمشنر و اسپیشل آفیسر بلدیہ نے مزید کہا کہ ہندوستان بھر میں اس اسکیم کو انفرادیت حاصل ہے کیوں کہ اسکیم کے تحت غریبوں کو رعایتی شرح پر غذا فراہم کی جارہی ہے جو کہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد اسکیم ہے ۔ موجودہ طور پر بلدیہ کے حدود میں 22 فوڈ سنٹرس سے 8 ہزار افراد استفادہ کررہے ہیں ۔ اسکیم کے افتتاح کے بعد وزیر اور کمشنر بلدیہ نے صنعت نگر حلقہ اسمبلی کے مختلف علاقوں کا متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ دورہ کیا اور فتح نگر ، بلکم پیٹ ، بی کے گوڑہ پارک ، صنعت نگر مارکٹ اور دیگر علاقوں میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ مسٹر ٹی سرینواس یادو اور سومیش کمار نے امیر پیٹ گردوارہ پہونچے جہاں پر انہیں شال پوشی کی گئی ۔ اس موقع پر وزیر کمرشیل ٹیکس نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ حیدرآباد کو بین الاقوامی شہروں میں تبدیل کرنے کے لیے بھر پور مساعی کررہی ہے ۔۔