جی ایچ ایم سی کی فٹ پاتھس پر غیر مجاز قبضوں کو برخواست کرنے کی مہم

حیدرآباد۔یکم جولائی(یو این آئی) حیدرآباد میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)نے فٹ پاتھس پر غیر مجاز قبضوں کو برخواست کرنے کی مہم دوسرے دن بھی جاری ہے ۔شہر میں 127کلومیٹر کے علاقوں میں پھیلے ہوئے فٹ پاتھس پر غیر مجاز قبضوں کو برخواست کیاجارہا ہے ۔جی ایچ ایم سی کے انفورسمنٹ ڈائرکٹر وشواجیت نے میڈیا کو بتایا کہ حیدرآبادمیں جو خطرناک حادثات ہوئے ان کو دیکھنے کے بعد یہ پتہ چلا کہ 30تا40فیصد حادثات پیدل چلنے والوں کے حادثات ہیں،اسی لئے ہم نے سونچا کہ ایک یا دو جگہوں سے ان فٹ پاتھس سے غیر مجاز قبضوں کو برخواست کرنے سے یہ موثر نہیں ہوسکتا ۔اسی لئے موثر، منظم حکمت عملی ہونی چاہئے جس کے ساتھ تمام غیر مجاز قبضوں کو ایک ساتھ ہی برخواست کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔جی ایچ ایم سی کے اہل کاروں نے دوسرے دن بھی جے سی بی اور بھاری مشینوں کے ساتھ بڑے پیمانہ پر یہ مہم جاری رکھی۔پہلے مرحلہ میں چار ہزار غیر مجاز قبضوں کو برخواست کیا جائے گا۔120ٹیموں کے ساتھ یہ مہم شروع کی گئی ہے ۔کسی بھی ناگہانی واقعہ یااحتجاج کو روکنے کے لئے پولیس کی جانب سے بڑے پیمانہ پر بندوبست کیا گیاہے ۔ وشواجیت نے میڈیا کو بتایا کہ فٹ پاتھس پر سے تمام غیر مجاز قبضوں کو برخواست کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ 4130غیر مجاز قبضے ہیں۔ان تمام غیر مجاز قبضوں کو تین ماہ میں برخواست کردیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ اس مہم کے دوران کسی بھی قسم کا سیاسی دباو نہیں ہے ۔وشواجیت نے کہا کہ تقریبا127.5کیلومیٹر تک یہ غیرمجاز قبضے کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ انہدام کا پہلا مرحلہ ہے ، اس کے اختتام کے بعد دوسرا مرحلہ شروع کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ پرانا شہر یا نیاشہر نہیں بلکہ مکمل شہر کے فٹ پاتھس کے غیر مجاز قبضوں کو برخواست کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور یہ کام مرحلہ واری بنیادپر کیاجائے گا۔شہر حیدرآباد کے حمایت ساگر کے علاقہ میں بھی فٹ پاتھس پر غیرمجاز قبضے کئے گئے جس کے نتیجہ میں راہگیروں کو پیدل چلنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔