ویسٹ زون کو پہلا مقام ، سری لنگم پلی سرکل کی نمایاں کارکردگی
حیدرآباد۔/14 مارچ (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے /13 مارچ تک 683 کروڑ روپے پراپرٹی ٹیکس وصول کئے جو گذشتہ برس کے اسی مدت کے دوران موصولہ رقم سے 128 کروڑ روپے زائد ہے۔ ویسٹ زون نے گذشتہ سال کے مقابل 28% زائد وصولی کرتے ہوئے پہلا مقام حاصل کیا ہے جبکہ ایسٹ زون میں 25% زائد وصولی کی ہے۔ مجموعی طور پر جی ایچ ایم سی نے /13 مارچ 2014 تک گذشتہ برس اسی مدت تک موصولہ رقم کے مقابل 18% زائد پراپرٹی ٹیکس وصول کیا ہے۔ سیری لنگم پلی سرکل 36% زائد وصولی کرتے ہوئے تمام سرکلس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سال 2012-13 کے دوران 747 کروڑ روپے پراپرٹی ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔ سال 2013-14 کے لئے 1250 کروڑ روپے کے نشانہ کے مقابل تاحال 683 کروڑ روپے وصول کئے گئے۔ جی ایچ ایم سی کے 18 سرکلس میں پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے لئے 150 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ جن جائیدادوں کا پراپرٹی ٹیکس ادا نہیں کیا گیا اور جن جائیداد کا اسسمنٹ زیر تصفیہ ہے ان پر توجہ مرکوز کرنے 37 علحدہ فوکس ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں۔
شہر میں تقریباً 12 لاکھ ٹیکس دہندگان کو پراپرٹی ٹیکس بروقت ادا کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے ایس ایم ایس روانہ کئے گئے۔ کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے جاریہ مالی سال 2013-14 میں گذشتہ مالی سال کے نشانہ کے 50% سے زائد محاصل وصول کرنے والے بل کلکٹرس؍ٹیکس انسپکٹرس؍ویلیویشن آفیسرس؍ڈپٹی کمشنرس وغیرہ کو ترغیب کے طور پر دو ماہ کی بنیادی تنخواہ کے مماثل رقمی ترغیب دینے کے احکام جاری کئے ہیں۔ اس خصوص میں آج جاری کردہ احکام میں بتایا گیا کہ بل کلکٹر سرکل نمبر 1 کاپرا جی ایچ ایم سی مسٹر کے وینو نے اپنے نشانہ کی تکمیل کی ہے اور وہ دو ماہ کی بنیادی تنخواہ بطور ترغیب پانے کے مستحق پائے ہیں۔ انہں ترغیب کے طور پر 17,880 روپے بطور ترغیب منظور کئے گئے۔ مسٹر سومیش کمار نے 90 لاکھ روپے نشانہ کے مقابل ایک کروڑ 12 لاکھ روپے پراپرٹی ٹیکس وصول کرنے پر مسٹر کے وینو کو تہنیت پیش کی اور انہیں رقم کی وصولی کے احکام حوالہ کئے۔