جی ایچ ایم سی کا 100 دن کا منصوبہ تکمیل سے قبل تنقیدوں کا شکار

زور و شور سے پراجکٹوں کا آغاز‘ شہر کے بنیادی مسائل جوں کا توں برقرار ‘عوام کی ناراضگی
حیدرآباد 17 اپریل (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ترقیاتی اقدامات اور منصوبے عوام کے بجائے حکومت کو خوش کرنے کے مترادف ثابت ہورہے ہیں ۔ شہری عوام کی سہولت کیلئے تیار کردہ 100 دن میں ترقی منصوبہ بھی تکمیل سے قبل ہی تنقیدوں کا سامنا کررہا ہے اور بلدی عہدیداروں پر الزام ہے کہ ان کی ساری منصوبہ سازی اقتداری جماعت کی خوشی اور فائدہ کیلئے تیار کردہ پالیسی اور راست طور پر برسر اقتدار جماعت مجوزہ بلدی چناؤ میں فائدہ پہنچانے کے اقدامات کے الزامات کا بھی عہدیدار سامنا کررہے ہیں تاہم کروڑہا روپئے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری اور پراجکٹوں کا آغاز بھی شہریوں کے بنیادی مسائل کی یکسوئی میں ناکام ہے ۔ ای لائبریری ‘ جم کمیونٹی ہال میں ترقی کے اقدامات ہمہ اقسام کے مقاصد کیلئے عمارتوں کی تعمیر ‘کھیل کے میدان بلدیہ کے حالیہ ترقیاتی منصوبے و پراجکٹس ہیں جن کی تکمیل و کامیابی کیلئے بلدی مشنری سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے ۔ تاہم شہریوں کو در پیش اصل مسائل تاحال جوں کا توں ہیں ۔ کچرہ کی نکاسی صحت و صفائی کے مسائل ‘برساتی نالوں کی صفائی ‘سیوریج سسٹم کی بحالی ‘بارش کے دوران بارش کے بعد سڑکوں سے پانی کی نکاسی کے اقدامات شہریوں میں اس رجحان کو پیدا کرنے کا موجب بن رہے ہیں کہ ان مسائل سے کسی کو دلچسپی نہیں ۔ عوام تب بھی پریشان تھے جب خود انہوں نے اپنی رائے سے نمائندوں کا انتخاب کیا تھا اور اب بھی پریشان ہیں جب عہدیداروں کا راج ہے ۔ عوام کوکافی امیدیں وابستہ تھیں کہ عوامی باڈی کی تحلیل کے بعد سرکاری مشنیری ان کے توقعات کو پورا کرے گی لیکن سرکاری مشنری سرکار کو خوش کرنے اور آئندہ چناؤ میں فائدہ فراہم کرنے میں جٹی ہونے کے بلدیہ پر شہریوں کے الزامات پائے جاتے ہیں۔ شہر میں ان دنوں غیر موسمی بارش اور تیز طوفانی ہواوں کا دور چل رہا ہے ۔ موسم خوشگوار لیکن بلدی عہدیدار کی لاپرواہی سے ماحول آلودہ ہوتا جارہا ہے ۔ ذرا سی بارش کے بعد سڑکوں پر پانی کا جمع ہونا ٹریفک جام اور سڑکیں جھیل کا منظر پیش کرنا یہ عام بات بن گئی ہے لیکن کروڑہا روپئے کے اخرجات و جمع خرچ کی بات کرنے والے بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کی جانب سے اس مسئلہ کی یکسوئی کے اقدامات صفر نظر آرہے ہیں جبکہ ای لائبریری ‘ جم‘ کھیل کے میدان و دیگر ترقیاتی اقدامات شہری عوام ان ترقیاتی کاموں کے اعلان پر خوش تو ہیں لیکن عوامی رقم سے عوامی مسائل کی عدم یکسوئی پر ناراضگی کا شکار بھی ہیں ۔ اکثر شہریوں کا ماننا اور مطالبہ ہے کہ ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ مسائل کی یکسوئی پر بھی توجہ دی جائے تو شہریوں کی ناراضگی میں کمی کا سبب بن سکتی ہے۔