ایل بی اسٹیڈیم کے پروگرام میں 20,000 خواتین کی شرکت، انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد۔4اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر میں بتکماں تہوار کے موقع پر جی ایچ ایم سی کی جانب سے لال بہادر اسٹیڈیم میں 8اکٹوبر کو خصوصی پروگرام منعقد ہوگا اور اس پروگرام میں 20ہزار سے زیادہ خواتین کی شرکت متوقع ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے منعقد کئے جانے والے اس پروگرام کے سلسلہ میں آج ایک اہم اجلاس جی ایچ ایم سی کے صدر دفتر میں منعقد ہوا جس میں ریاستی وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی‘ ریاستی وزیر سیاحت مسٹر اجمیرا چندو لعل ‘ مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن ‘ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر جناردھن ریڈی‘ مسز کرسٹینا منیجنگ ڈائیریکٹر محکمہ ٔ سیاحت‘ مسزسنیتا بھاگوت کمشنر محکمہ ٔ سیاحت‘ کے علاوہ دیگر عہدیداران و کارپوریٹرس موجود تھے۔ بعد ازاں ریاستی وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے بتایا کہ بتکماں تہوار کے اس خصوصی پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے ہر تلنگانہ شہری کو تعاون کرنا چاہئے کیونکہ حکومت نے اس تہوار کو سرکاری طور پر منانے کا اہتمام کیا ہے جو کہ تلنگانہ تہذیب کا حصہ ہے۔ مسٹر اجمیرا چندو لعل‘ مسٹر بی رام موہن مئیر‘ جناب بابا فصیح الدین ڈپٹی مئیر کے علاوہ اجلاس میں موجود عہدیداروں نے تمام کرپوریٹرس سے اپیل کی کہ وہ 8اور9اکٹوبر کو منعقد ہونے جارہے اس تہوار کے دوران اپنے بلدی حلقہ کے عوام کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے اسے کامیاب بنائیں۔