جی ایچ ایم سی میں 25 فیصد ملازمین کے تبادلوں کی سرگوشیاں

٭    بلدی ملازمین ایک مقام پر 18 ماہ سے زیادہ خدمات انجام نہیں دیں گے
٭    یونیفائیڈ سرویس رولز کے مسودہ کی تیاری، چیف منسٹر کی منظوری کا انتظار

حیدرآباد ۔ 28 جنوری (ایجنسیز) جی ایچ ایم سی میں فی الوقت یہ سرگوشیاں ہورہی ہیں کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے تقریباً 25 فیصد ملازمین کا جون تک دیگر بلدیات اور کارپوریشنس میں تبادلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت اس طرح کے قواعد بنار ہی ہے، جس میں ریاست بھر میں بلدی اداروں میں کام کرنے والے ہر ملازم کو 18 ماہ سے زیادہ مدت کیلئے ایک ادارہ میں اپنے فرائض انجام نہیں دینا ہوگا اور وہ 18 ماہ سے زیادہ ایک ادارہ میں اپنی خدمات انجام نہیں دیں گے۔ عہدیداروں کے مطابق حکومت کے اس اقدام سے ہوسکتا ہیکہ کرپشن کا خاتمہ نہ ہو لیکن اس سے کرپشن میں بہت کمی ہوگی۔ حکومت کی جانب سے توقع ہیکہ اس سلسلہ میں یونیفائیڈ سرویس رولز کی فائنل کاپی فبروری کے اختتام تک تیار کی جائے گی اور چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ منظوری کے بعد مارچ کے دوسرے ہفتہ میں ایک سرکیولر جاری کیا جائے گا۔ یونیفائیڈ سرویس رولز کا اطلاق شہر کے تمام ڈپارٹمنٹس پر ہوگا بشمول حیدرآباد میٹرو پولیٹن اتھاریٹی، حیدرآباد واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن یونیفائیڈ سرویس رولز پر آئندہ مالیاتی سال سے عمل درآمد کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ عہدیداروں نے یہ بھی کہاکہ بلدی اداروں میں بہتر کارکردگی کو یقینی  بنانے کیلئے ریاست حکومت چار اکیڈیمک سال میں چار مرحلوں میں عہدیداروں کے تبادلے کرنے پر غور کررہی ہے۔ حکومت نے یونیفائیڈ سرویس رولز کا مسودہ تیار کرلیا ہے اور اس کیلئے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی منظوری کا انتظار ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت نے کارپوریشن اور دیگر بلدیات کو ہدایت دی ہیکہ الزامات کا سامنا کرنے والے عہدیداروں کی فہرست تیار کی جائے گی۔ غالباً داغدار عہدیداروں کا تبادلہ دیگر بلدیات اور کارپوریشنس میں کیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ محکمہ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کی جانب سے یونیفائیڈ سرویس رولز کا مسودہ تیار کیا گیا ہے اور حال میں اسے چیف منسٹر کو ان کی منظوری کیلئے روانہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ریاست تلنگانہ میں تمام مجالس مقامی اداروں میں 25 فیصد میونسپل اسٹاف کے تبادلے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔