آفات سماوی سے نمٹنے ممبئی طرز پر حیدرآباد میں فورس کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 25 جولائی ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ڈیزاسٹر رسپانس فورس ( ڈی آر ایف ) کی تشکیل عمل میں لائی جارہی ہے ۔ اس وقت صرف ممبئی میں ہی اس طرح کی فورس ہے اور یہ فورس یکم اگست سے اپنے کام کا آغاز کرے گی ۔ کسی بھی طرح کی آفات سماوی سے نمٹنے کیلئے 24 گھنٹے دستیاب رہے گی ۔ جی ایچ ایم سی ویجلنس انفورسمنٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈائرکٹر کی نگرانی میں کام کرنے والی یہ فورس سیلاب اور آفات سماوی کے وقت خدمات کیلئے 24گھنٹے دستیاب رہے گی ۔ ایک شفٹ میں 40 اراکین کے مطابق 24 گھنٹے دستیاب رہیں گے اور ایک خصوصی گاڑی میں فورس کے پانچ اراکین ہوں گے اور بلدیہ 6 زونس میں سے ہر ایک زون میں ایک ٹیم ہوگی جبکہ دو زائد ٹیمیں سنٹرل زون میں ریزرو رہیں گی ۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ڈائرکٹر وشواجیت نے بتایا کہ اس فورس کو دیڑھ ماہ تک خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے اور بتدریج اس فورس کو ترقی دیتے ہوئے فورس میں مزید اضافہ کیا جائے گا اور شہر کے 30 سرکلس میں 30 خصوصی گاڑیوں کے ذریعہ ڈی آر ایف فورس کو خدمات کیلئے دستیاب رکھا جائے گا اور اس خصوص میں جنریٹر گاڑیاں ‘ درختوں کو کاٹنے والی مشینیں بھی دستیاب رہیں گی تاکہ اندھیروں میں بھی خدمات متاثر نہ ہوں ۔