مختلف علاقوں کا انتخاب ، فضائی آلودگی کو کم کرنا اصل مقصد
حیدرآباد۔ 3؍نومبر (سیاست نیوز)۔ پرانے شہر میں بھی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے تقریباً 9 کیلو میٹر کی راہداریوں پر شجرکاری کے علاوہ سبزہ اُگانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے چندرائن گٹہ، شاہ علی بنڈہ، میر عالم منڈی، دارالشفاء کے علاوہ بعض دیگر علاقوں کا انتخاب کرتے ہوئے ان سڑکوں پر سبزہ اُگانے اور فٹ پاتھ کی تعمیر کے ساتھ فٹ پاتھ کے کناروں پر شجرکاری کو یقینی بنانے کے منصوبہ کا جائزہ لیا۔ زونل کمشنر جی ایچ ایم سی ساؤتھ زون مسٹر بالا سبرامنیم ریڈی نے بتایا کہ شہر کی فضائی آلودگی میں تخفیف کے علاوہ ماحولیاتی کو بہتر بنانے کے لئے جو اقدامات مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کئے جارہے ہیں، ان کے مطابق ساؤتھ زون میں بلدیہ کی جانب سے سڑکوں کے انتخاب کا عمل جاری ہے۔ مسٹر بالا سبرامنیم ریڈی نے بتایا کہ ابتدائی طور پر جی ایچ ایم سی ساؤتھ زون کی جانب سے اِنجن باؤلی، چندرائن گٹہ چوراہا اور بنڈلاگوڑہ کی سڑک کا انتخاب کیا گیا ہے تاکہ اس سڑک کے کناروں پر فوری فٹ پاتھ کی تعمیر اور سبزہ اُگانے کے اقدامات کا آغاز کیا جاسکے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے صدر دفتر کو ساؤتھ زون کا یہ منصوبہ روانہ کردیا گیا ہے۔ منصوبہ کو منظوری حاصل ہوتے ہی عملی اقدامات کا آغاز کردیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف مقامات پر مصروف و اہم شاہراہوں پر سبزہ اُگانے اور شجرکاری کے ساتھ ساتھ پودے لگاتے ہوئے فضائی آلودگی کو کم کرنے کے علاوہ سڑکوں و فٹ پاتھ کو خوبصورت بنانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اس منصوبہ کے تحت شہر کے تمام زونس میں سڑکوں کو قطعیت دی جاچکی تھی۔ اس سلسلہ میں ساؤتھ زون میں کسی سڑک کا انتخاب عمل میں نہیں آیا تھا، لیکن گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ساؤتھ زون کے عہدیداروں نے اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کے بعد پرانے شہر کی اہم سڑکوں پر بھی شجرکاری اور سبزہ اُگانے کے منصوبہ کو قطعیت دینے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔