جی ایچ ایم سی سے فراہم کردہ کچرہ منتقلی کی ٹرالیاں اضلاع کو پہونچ گئی

300 ٹرالیاں غائب، وزیربلدی نظم و نسق کا ضلعی دورہ میں نظر آنے کا دعویٰ، تحقیقات کی ہدایت
حیدرآباد۔27فروری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں کچہرے کی منتقلی کے لئے حوالہ کردہ آٹو ٹرالی اضلاع میں پہنچ گئے! جی ہاں شہر میں جو آٹو رالی حوالے کی گئی تھیں ان میں 300سے زائد آٹو ٹرالی غائب ہیں اور کچہرے کی منتقلی انجام نہیں دی جا رہی ہے جس کے سبب شہر کے کئی علاقہ کچہرے دان میں تبدیل ہوتے جا رہے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کو حوالہ کردہ کچہرے کی منتقلی کے آٹو شہر کے باہر بلکہ دیگر اضلاع میں نظر آنے لگے ہیں اور خود ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے اضلاع کے دورہ کے دوران ان آٹو ٹرالی کو دیکھا اور تحقیقات کی ہدایت دی۔ تحقیقات کے دوران ہوئے انکشاف نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کے ہوش اڑا دیئے ہیں اور بتایا جارہا ہے کہ 300آٹو ٹرالی کچہرے کی منتقلی کے عمل کے لئے روزانہ کے اساس پر خدمات انجام نہیں دے رہے ہیں اور ان کا کوئی پتہ نہیں ہے۔ ذرائع کے کے مطابق شہر میں کچہرے کی نکاسی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت بلدیہ نے جو آٹو ٹرالی فراہم کئے ہیں ان کی تفصیلات اکٹھا کرتے ہوئے آگہی حاصل کی گئی تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ 300آٹو ٹرالی خدمات انجام نہیں دے رہے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے متعلقہ شعبہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے اضلاع کے دورہ کے دوران جس آٹو ٹرالی کی نشاندہی کی ہے وہ کاپرا سے تعلق رکھنے والے کنٹراکٹر کے حوالے کی گئی تھی ۔ اسی طرح جب تمام زونل کمشنرس سے اس سلسلہ میں تفصیلات طلب کی گئی تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ سینکڑوں آٹو ٹرالی ایسے ہیں جو خدمات انجام نہیں دے رہے ہیں اور ان کے متعلق بعض عہدیدار خدمات کی انجام دہی کی فرضی رپورٹس اپنے اعلی عہدیداروں کو روانہ کررہے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں تحقیقات کو مزید وسعت دی جا رہی ہے اور اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ شہر میں حوالہ کئے گئے ان آٹو ٹرالی کے کچہرے کی منتقلی کے لئے استعمال نہ کئے جانے کی وجوہات کیا ہیں اور کیوں نگران عہدیدار ان آٹو ٹرالیوں اور ان کے ڈرائیورس کے متعلق فرضی رپورٹ روانہ کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جی ایچ ایم سی کے اعلی عہدیداروں کو اس بات کی اطلاعات و شواہد موصول ہو چکے ہیں کہ کچہرے کی نکاسی کے لئے استعمال کئے جانے والے آٹو ٹرالیوں کا دیگر مقاصد کیلئے استعمال کیا جانے لگا ہے اور انہیں زونل سطح کے کچھ عہدیداروں کی مدد حاصل ہے جس کے سبب وہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہوتے ہوئے شہر سے بالخصوص گھروں سے کچہرے کی منتقلی سے فرار اختیار کر رہے ہیں۔ دونوں شہروں میں جاری اس تحقیقات کے متعلق جی ایچ ایم سی کے متعلقہ شعبہ کے عہدیدار نے بتایا کہ تحقیقات مکمل ہونے اور رپورٹ کی تیاری کے بعد ان تمام آٹو ٹرالیوں کو ضبط کرلیا جائے گا جو خدمات انجام نہیں دے رہی تھیں اور ان عہدیداروں کے خلاف بھی کاروائی کو ممکن بنایا جائے گا جو ان کنٹراکٹرس اور ڈرائیورس کی راست یا بالواسطہ مد د کے مرتکب قرار پائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان عہدیداروں کے خلاف محکمہ جاتی کاروائی کے ساتھ ساتھ قانونی چارہ جوئی بھی کی جائے گی۔