جی ایچ ایم سی سے بچوں میں کھیل کود کا فروغ

سمر کوچنگ کیمپس ، 6 مئی سے آغاز ، مختلف کھیلوں کی تربیت کے لیے ماہرین کا انتخاب
حیدرآباد۔25اپریل (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے سمر کوچنگ کیمپس کا آغاز 6مئی سے کیا جائے گا اور یہ کوچنگ کیمپ 16جون تک جاری رہیں گے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق6بلدی زون میں جملہ 730 کوچنگ مراکز چلائے جائیں گے جہاں 826 کوچ تربیت فراہم کریں گے۔ ایل بی نگر زون میں 53مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ چارمینار زو ن میں 182مراکز قائم کئے جائیں گے ‘ خیریت آباد میں 230مراکز قائم کئے جائیں گے اور شیری لنگم پلی میں 60مراکز قائم کئے جائیں گے ۔کوکٹ پلی زون میں 77 مراکز قائم کئے جائیں گے اور اسی طرح سکندرآباد زون میں 128 مراکز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔صبح 6بجے تا 8 بجے فراہم کی جانے والی اس کوچنگ کے دوران بچوں کو مختلف کھیلوں کی تربیت فراہم کی جائے گی جن میں فٹ بال‘ ہاکی‘ ٹیبل ٹینس کے علاوہ والی بال‘ اسکیٹنگ اور دیگر کھیل شامل ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ 16مختلف کھیلوں کی تربیت کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور ان 16کھیلوں میں تربیت کی فراہمی کے دوران 20مئی کو مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔بلدی حدود میں کھیل کود کو فروغ دینے کے علاوہ شہریوں میں کھیلوں کے رجحان کو بڑھانے کیلئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے چلائے جانے والے ان سمر کوچنگ کیمپ کی نگرانی ملک کے مایہ ناز کھلاڑیوں کی جانب سے کی جائے گی جن میں کئی سرکردہ نام شامل ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے شعبہ کھیل کی جانب سے فراہم کی گئی تفصیلات کے مطابق فی الحال شہر میں جی ایچ ایم سی کے 521 پلے گراؤوڈ‘ 7 سوئمنگ پول‘ 17 اسپورٹس کامپلکس ‘ 11رولر اسکیٹنگ رنگ اور 5ٹینس کورٹ موجود ہیں۔جی ایچ ایم سی عہدیدارو ںنے بتایا کہ 6 مئی سے شروع ہونے والے ان سمر کوچنگ میں داخلہ کے لئے درخواست گذار آن لائن درخواست داخل کرسکتے ہیں جو کہ www.ghmc.gov.in/sports پر داخل کی جاسکتی ہیں۔عہدیداروں نے کھیل کود میں دلچسپی رکھنے والے لڑکے لڑکیوں کو اس زرین موقع سے استفادہ کرنے کی خواہش کی اور بتایا کہ سال گذشتہ سمر کوچنگ کیمپ سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد جملہ 56ہزار 46تھی اور 829 مراکز پر ان کوچنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا اور کوچنگ فراہم کرنے والے کوچ کی تعداد 863تھی جنہوں نے 46کھیلوں کی تربیت دی۔