جی ایچ ایم سی حدود میں یوم تاسیس تلنگانہ منانے کا اعلان

تاریخی عمارتوں پر روشنائی و سجاوٹ، سومیش کمار کمشنر و اسپیشل آفیسر کا بیان
حیدرآباد 28 مئی (سیاست نیوز) ریاست بھر میں 2 جون کو حکومت کی جانب سے یوم تاسیس تلنگانہ بڑے پیمانے پر منانے کا اعلان کردیا گیا ہے ساتھ ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے بلدی حدود میں بھی عظیم الشان پیمانے پر یوم تاسیس تلنگانہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ کمشنر و اسپیشل آفیسر جی ایچ ایم سی مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ بلدیہ کی جانب سے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ بلدی حدود میں شامل دیگر علاقوں میں موجود تمام تاریخی اہمیت کی عمارتوں کو خوبصورتی کے ساتھ برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔ علاوہ ازیں بلدی حدود میں 100 چوراہوں کو بھی خوبصورت انداز میں سجانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے تلنگانہ کے یوم تاسیس کے موقع پر پورے شہر کو جشن میں شامل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مسٹر سومیش کمار کے بموجب بلدی حدود میں موجود سیلف ہیلپ گروپس کے مابین مقابلہ جات منعقد کئے جائیں گے اور اُن میں کامیاب ہونے والوں کو نقد انعامات دیئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں 400 سوچھ یونٹس جو تشکیل دیئے گئے ہیں، اُنھیں مقامی اہم شخصیتوں کے ساتھ ریالیاں منعقد کرتے ہوئے عوام میں شعور بیداری مہم چلائی جائے گی۔ 2 جون کو صبح 11 تا 2 بجے 400 سوچھ یونٹس کے تعاون سے ایک لاکھ افراد کو کھانا کھلایا جائے گا۔ اِن سب کے علاوہ ٹینک بینڈ تا نیکلس روڈ انسانی زنجیر بنائی جائے گی جس میں بلدی عملہ اور صفائی عملہ حصہ لے گا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے 3 جھانکیاں تیار کی جائیں گی جو سوچھ حیدرآباد کی عکاس ہوگی۔ اِن جھانکیوں کو 2 جون کو پریڈ گراؤنڈ پر ہونے والی یوم تاسیس تقریب میں پیش کیا جائے گا۔ مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ حیدرآباد سے متعلق فوٹو گرافی مقابلہ منعقد کیا جائے گا جس میں انعام اول حاصل کرنے والے کو 50 ہزار روپئے نقد اور انعام دوم کے لئے 25 ہزار روپئے، تیسرے مقام پر آنے والے کو 10 ہزار، چوتھے کو 5 ہزار اور پانچویں مقام پر رہنے والے کو 3 ہزار روپئے کے علاوہ 20 ترغیبی انعامات ایک ہزار روپئے کے دیئے جائیں گے۔ اسی طرح 30 سیکنڈ پر مشتمل سوچھ بھارت پر ویڈیو تیار کرنے والوں کو بھی نقد انعامات دیئے جائیں گے اور 3 منٹ کا گروپ نغمے تیار کرنے والوں کیلئے بھی پہلے، دوسرے اور تیسرے کے علاوہ چوتھے، پانچویں نمبر پر آنے والوں کو نقد انعامات دیئے جائیں گے اور ایک ہزار روپئے پر مشتمل 20 ترغیبی انعامات بھی دیئے جائیں گے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے دونوں شہروں میں نوجوانوں کو یوم تاسیس تلنگانہ کی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لئے کھیل کود کے مقابلے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔