بلدیہ کی جانب سے ہر قسم کی سہولت دی گئی ، سومیش کمار کا بیان
حیدرآباد ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسٹر سومیش کمار نے کہا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں گنیش وسرجن کا پرامن طور پر اختتام عمل میں آیا ۔ چنانچہ اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں جی ایچ ایم سی کے ساتھ مختلف سرکاری محکمہ جات جن میں پولیس ، ایچ ایم ڈبلیو اینڈ ایس بی ، ایچ ایم ڈی اے ، اریگیشن کے علاوہ دیگر محکمہ جات نے اپنے بہترین تعاون کا مظاہرہ کیا ہے ۔ مسٹر سومیش کمار آج دفتر جی ایچ ایم سی میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے دونوں تہواروں عیدالاضحی اور گنیش وسرجن کے موقعوں پر عوام کو کسی بھی قسم کے مسائل سے دوچار ہوئے بغیر موثر انتظامات کئے گئے اور ہر قسم کی سہولت بخشی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ دونوں تہواروں کے پیش نظر جی ایچ ایم سی کی جانب سے زائد از 16 کروڑ روپئے کی رقمی منظوری دی جاکر مختلف کام انجام دئیے گئے اور 94 ہزار پلاسٹک بیاگس کے ذریعہ کچرے کی بروقت نکاسی کی گئی جب کہ گذشتہ 3 دن سے شہر میں 4,500 میٹرک ٹن زائد کچرے کی نکاسی عمل میں لائی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی مسائل اور موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے فی الحال گریٹر حیدرآباد زون کے حدود میں واقع موجودہ 150 وارڈس کی تعداد میں اضافہ کے فیصلہ سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے وارڈس کی تعداد کو جوں کا توں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کے موجودہ 150 وارڈس کی تشکیل جدید اور زمرہ بندی کے عمل کو آئندہ 10 دن میں آغاز کئے جانے کے امکانات ہیں اور زمرہ بندی کے عمل کی تکمیل کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر کے اعتراضات حاصل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ اسمارٹ سٹی اسکیم سے متعلق پروجکٹ رپورٹس کی تیاری کے لیے کنسلٹنٹس کا انتخاب کیا جارہا ہے اور مذکورہ تیار کی جانے والی رپورٹ کی بہترین انداز میں تیاری کے لیے عوام کی جانب سے صلاح و مشوروں کو حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس غرض سے جی ایچ ایم سی کی جانب سے My Government کے نام سے علحدہ ویب پیج کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ تیار کی جانے والی رپورٹ اندرون 25 نومبر مرکزی شہری ترقیات محکمہ کو روانہ کردی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ حسین ساگر جھیل کو ترقی دینے پر تمام زاویوں پر غور ہورہا ہے ۔۔