جی ایچ ایم سی حدود میں متعدی امراض کا خدشہ

روک تھام کیلئے فوری اقدامات کرنے کمشنر دانا کشور کی ہدایات
حیدرآباد 25 ستمبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد حدود میں ملیریا، ڈینگو اور دیگر متعدی امراض کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے کمشنر داناکشور نے انٹامالوجی شعبہ کو حکم دیا۔ کمشنر نے گریٹر ملیریا اور ڈینگو پر روک لگانے حیدرآباد و رنگاریڈی کے ڈی ایم اینڈ ایچ اوز کے علاوہ ضلع ملیریا آفیسرس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اواخر ماہ نومبر تک مچھروں کی افزائش میں اضافے کے اندیشے ہیں جس کی وجہ سے مذکورہ امراض عام ہونے کے خدشات ہیں لہٰذا ان دو ماہ کے اندر مسلسل مچھروں کی افزائش کو روکنے اقدامات کئے جائیں اور ماضی میں جن علاقوں میں ملیریا اور ڈینگو کے کیسیس درج کئے گئے ہیں، خاص کر ان میں مچھروں کی افزائش کی روک تھام یقینی بنائی جائے خصوصاً حیات نگر، ملک پیٹ، چندرائن گٹہ، چارمینار، راجندر نگر، مہدی پٹنم، کاروان، عنبرپیٹ، موسیٰ پیٹ، قطب اللہ پور اوردیگر سرکلس میں خصوصی اقدامات کے احکامات جاری کئے اور اوور ہیڈ ٹینکوں، سمپس، نلوں کے گڑھوں کے علاوہ ڈرمس، ڈبوں، کنڈوں اور ٹائیروں میں پانی جمع نہ ہونے کے اقدامات کئے جائیں اور متعدی امراض سے شعور بیداری کیلئے شہر کے اسکولس کے طلبامیں شعور بیداری پروگرامس منعقد کئے جائیں اور انٹامالوجی شعبہ کی گاڑیوں کے ذریعہ روزانہ 150 کالونیوں میں فاگنگ کی جائے اور مائی جی ایچ ایم سی ایپ، ڈائل 100، جی ایچ ایم سی کال سنٹر، ای میل، واٹس ایپ اور دیگر طریقہ سے ملنے والی شکایتوں کو فوری حل کیا جائے۔ علاوہ ازیں الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشیل میڈیا سے تشہیری مہم چلائی جائے۔