جی ایچ ایم سی حدود میں سی سی کیمروں کی تنصیب کا منصوبہ

شہریوں کی حفاظت و ٹریفک نقل و حرکت پر نظر، کمشنر بلدیہ اور میئر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 18 ستمبر (سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر بلدیہ حیدرآباد کے حدود میں کیمروں کی تنصیب کے عمل کا بہت جلدآغاز ہوگا۔ شہر میں نصب کئے جانے والے سی سی ٹی وی کیمرے جی ایچ ایم سی ملکیت ہوں گے اور دیگر محکمہ جات کو ان کیمروں سے استفادہ کیلئے جی ایچ ایم سی کورقم ادا کرنی ہوگی۔ میئر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد جناب ماجد حسین کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر سومیش کمار، مسٹر مہندر ریڈی کمشنر پولیس حیدرآباد، ڈپٹی میئر مسٹر راجکمار نے آج ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ آئندہ 15 تا 20 یوم سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے ٹنڈرس کی طلبی کے عمل کا آغاز کردیا جائے گا۔ دونوں شہروں میں کم از کم 50 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے جن کے ذریعہ شہریوں کی حفاظت و صیانت کے علاوہ شہر کی سڑکوں اور ٹریفک و دیگر امور پر نگاہ رکھنے میں سہولت ہوگی۔ جناب ماجد حسین نے بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے جو تخمینہ لگایا ہے اس کے مطابق یہ پراجکٹ 450 کروڑ کے آس پاس ہوگا۔ علاوہ ازیں پہلے مرحلہ کیلئے 100 دن مہلت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے آئندہ اسٹانڈنگ کمیٹی اجلاس میں ایک منصوبہ پیش کیا جائے گا جس کے تحت ٹنڈرس کی طلبی کے عمل کا آغاز کرنے کی منظوری حاصل کی جائے گی۔ میئر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے بتایا کہ شہر بھر میں کیمروں کی تنصیب کا عمل کئی مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ اس عمل کی تکمیل کیلئے نشانہ متعین کیا جائے گا تاکہ منظورہ مدت میں کاموںکی تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ جو کیمرے شہر میں نصب کئے جائیں گے، کم از کم 2 میگا پکسلس کے حامل ہوں گے اور یہ مکمل طور پر جی ایچ ایم سی کی ملکیت ہوں گے۔ کئی محکمہ جات کو ان کیمروں سے استفادہ کرنا پڑ سکتا ہے۔ اسی لئے محکمہ جات کو جوڑنے کی کوشش کی جائے گی۔ جن محکمہ جات کو کیمروں کی سہولت سے استفادہ کرنا ہو انہیں جی ایچ ایم سی کو کرایہ ادا کرنا پڑے گا۔ ان کرایوں کے ذریعہ جو آمدنی حاصل ہوگی اس سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی آمدنی میں خاطرخواہ اضافہ ممکن ہے۔ جناب ماجد حسین، مسٹرسومیش کمار، مسٹر مہیندر ریڈی نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں کیمروں کی تنصیب کا مقصد شہریوں کی حفاظت اور شہری امور کی انجام دہی میں بہتری پیدا کرنا ہے۔ ان کیمروں کے ذریعہ نہ صرف جرائم پر کنٹرول کیا جاسکتا ہے بلکہ شہر کی سڑکوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کے علاوہ ٹریفک نظام کی درستگی میں بھی کیمروں کی مدد سے اہم تبدیلیاں لائی جاسکتی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ان کیمروں کی تنصیب کے عمل کی تکمیل کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں کمشنر پولیس کے علاوہ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور ضلع کلکٹر حیدرآباد شامل ہوں گے۔ واضح رہیکہ حکومت تلنگانہ نے شہر میں ایک لاکھ کیمروں کی تنصیب کا اعلان کیا تھا اور اب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فوری طور پر کم از کم 50 ہزار کیمروں کو نصب کرنے منصوبہ پر عمل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ عہدیداروں کے بموجب کیمروں کی تنصیب کے آغاز اور اس عمل کو مرحلہ وار اساس پر تقسیم کرنے کے سلسلہ میں منصوبہ بندی جاری ہے کہ آیا کس طرح کیمروں کی تنصیب کا آغاز عمل میں لایا جائے۔