حیدرآباد ۔ یکم فبروری ( این ایس ایس ) جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں شہریوں کو بلارکاوٹ اپنا حق رائے دہی ادا کرنے کی سہولت فراہم کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے 2فبروری کو باجرت تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے یہ فیصلہ کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی حدود میں اس پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت کی ہے ۔ حکومت نے 1881 کے قانون بیع و شرعا کے تحت جی ایچ ایم سی حدود میں تمام بینکوں ‘ اسکولوں دیگر تعلیمی اداروں ‘ سرکاری دفاتر ‘ خانگی اداروں اور تجارتی اداروں کو منگل کے روز بند رکھنے کا حکم جاری کی ہے ۔ سرکاری و خانگی ملازمین و تاجرین کواس سہولت سے جی ایچ ایم سی انتخابات میں حق رائے دہی سے استفادہ کا موقع فراہم ہوگا اور رائے دہی کے فیصد میں اضافہ ہوگا ۔ آئی ٹی اداروں کو بھی نصف دن کی تعطیل دی گئیہے ۔ چیف سکریٹری راجیو شنکر نے اضلاع حیدرآباد ‘ رنگاریڈیاور میدک کے ڈسٹرکٹ کلکٹرس کو ہدایت کی ہے کہ تینوں اضلاع میں جی ایچ ایم سی حدود کے تحت 2فبروری منگل کو تعطیل پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ مرکزی ملازمین کو بھی حق رائے دہی سے استفادہ کیلئے صبح یا شام دو گھنٹے کی چھوٹ دی گئی ہے ۔