شہر میں 70 لاکھ ووٹرس ، فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی تنقیح اور ووٹنگ فیصد میں بھاری اضافہ پر زور
حیدرآباد۔ 3 جنوری (پریس نوٹ) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے تیسرے عام انتخابات کیلئے جو جنوری 2016ء میں منعقد شدنی ہیں، تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن بہت جلد اعلامیہ جاری کرے گا۔ کمیشن کے سیکریٹری ایم اشوک کمار کے دفتر سے آج یہاں جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جی ایچ ایم سی 70 لاکھ ووٹرس پر مشتمل ہے جو تلنگانہ کی مجموعی آبادی کا ایک تہائی حصہ ہے۔ اس کے حدود میں ریاستی حکومت کے کئی صنعتی و تجارتی ادارہ جات موجود ہیں، اور یہاں سے مرکز اور ریاستی حکومت کو 1,00,000 کروڑ روپئے کی محصول پر مبنی آمدنی حاصل ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں ملک بھر کے لاکھوں افراد کو روزگار حاصل ہے۔ جی ایچ ایم سی کا سالانہ بجٹ6300 کروڑ روپئے ہے۔ حیدرآباد بہت جلد ایک حقیقی عالمی شہر میں تبدیل ہوجائے گا جس سے ساکنان کی ترقی و خوشحالی میں اضافہ ہوگا اور طرز زندگی میں زبردست تبدیلی رونما ہوگی۔ بشرطیکہ جی ایچ ایم سی کو چلانے کے لئے ایک اہل و باصلاحیت ادارہ کا انتخاب عمل میں لایا جائے اور صرف انتخابی عمل میں رائے دہندوں کی سرگرم شمولیت و حصہ داری ہی ایک ذمہ دار اور قابل جوابدہ شہری حکومت کے انتخاب کو یقینی بنا سکتی ہے۔ محض 30 تا 40 فیصد کی رائے دہی صرف ایک روایتی قیادت فراہم کرسکتی ہے۔ تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن نے تمام عوام دوست تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں رائے دہی کے بھاری فیصد کو یقینی بنانے اور رائے دہندوں کو بااختیار بنانے کے علاوہ اُن کے شعور میں بیداری کیلئے اہم رول ادا کریں۔ رائے دہندوں کو رجسٹریشن کی تلنگانہ الیکشن کمیشن کے ویب سائٹ tsec.gov.in اور ceotelangana.nic.in پر تنقیح کی جاسکتی ہے۔ اگر جی ایچ ایم سی حدود کے کسی اہم شہری کا نام فہرست میں شامل نہیں ہے تو ان ویب سائیٹ پر یا شخصی طور پر اسمبلی الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس سے رجوع ہوتے ہوئے درج کروایا جاسکتا ہے۔ اعلامیہ کی اجرائی کی تاریخ کے مطابق فہرستوں میں شامل رائے دہندے ہی رائے دہی کے مستحق ہوں گے۔