اضلاع میں تنظیمی انتخابات مکمل، پی سدرشن ریڈی و ہنمنت راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/18اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے تنظیمی انتخابات کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ پارٹی کے قائد اور اسٹیرنگ کمیٹی گریٹر حیدرآباد پی سدرشن ریڈی اور گریٹر حیدرآباد اڈھاک کمیٹی کے کنوینر ایم ہنمنت راؤ نے آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کو چھوڑ کر تمام اضلاع میں کمیٹیوں کی تشکیل کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچہ کو مستحکم کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں پارٹی کے استحکام پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ ان قائدین نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد کے ٹی آر ایس صدر کے عہدہ کیلئے انتخاب 20اپریل کو منعقد ہوگا۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی کی قیادت میں 20اپریل کو 2بجے دن تلنگانہ بھون میں گریٹر حیدرآباد کے ٹی آر ایس صدر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ قائدین نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں پارٹی کی رکنیت سازی میں عوام کے غیر معمولی جوش و خروش کا حوالہ دیا اور کہا کہ میونسپل چناؤ میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس انداز میں پارٹی کی رکنیت سازی ہوئی ہے اس سے قیادت مطمئن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت نے عوام کی بھلائی کے جو اقدامات کئے ہیں اس سے عوام خوش ہیں اور وہ گریٹر حیدرآباد کے بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔