جی ایچ ایم سی انتخابات پر بی جے پی کا لائحہ عمل

بوتھ واری سطح پر پارٹی کا استحکام ، ڈاکٹر کے لکشمن و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست : ( این ایس ایس ) : رکن اسمبلی بی جے پی و فلور لیڈر اسمبلی ڈاکٹر کے لکشمن نے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں پارٹی کو بھاری کامیاب بنانے کے لیے تیار رہیں ۔ وہ آج یہاں برکت پورہ میں گریٹر حیدرآباد پارٹی آفس میں پارٹی کارکنوں سے مخاطب تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے پیش نظر شہر کے ہر ایک اسمبلی حلقہ میں کوارڈینٹرس کا تقرر عمل میں لایا جارہا ہے ۔ جب کہ ڈیویژن سطح کے اجلاس بھی منعقد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ عوامی مسائل کی نشاندہی کریں ۔ جس کے بعد پارٹی پدیاترا منعقد کرتے ہوئے عوامی مسائل کو حکومت کے علم میں لائے گی ۔ اجلاس کی صدارت صدر گریٹر حیدرآباد پارٹی مسٹر بی وینکٹ ریڈی نے کی جب کہ اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں پارٹی کے ایگزیکٹیو ارکان ، کنوینرس اور سابقہ کارپوریٹرس شامل تھے ۔ بی وینکٹ ریڈی نے اس موقع پر کہا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات کو دیکھتے ہوئے پارٹی نے بوتھ واری سطح پر پارٹی کو مستحکم کرنے کی مساعی کررہی ہے ۔ انہوں نے آخر میں بتایا کہ عنقریب پہلے مرحلہ کے تحت شہر کے پانچ اسمبلی حلقوں کا اجلاس منعقد کیا جائے گا ۔۔