جی ایچ ایم سی انتخابات میں فرقہ پرست اور موقع پرست جماعتوں کو شکست دینے کا مشورہ

سربراہ مجلس پر تنقید ، رکن راجیہ سبھا کانگریس وی ہنمنت راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ مجلس حیدرآباد کی گتہ دار نہیں ہے ۔ کانگریس پارٹی ہم خیال سیکولر جماعتوں سے اتحاد کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی انتخابات میں فرقہ پرستوں اور موقع پرستوں کو شکست دینے کی حکمت عملی پر کام کررہی ہے ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ ہم بھی حیدرآباد میں پیدا ہوئے اور ہمارا بھی حیدرآباد ہے ۔ سٹیلرس کے علاوہ دوسری ریاستوں کے ساتھ تلنگانہ اور آندھرا کے اضلاع سے پہونچکر حیدرآباد میں قیام کرنے والے عوام کو ڈرانے دھمکانے کے لیے صدر مجلس اسد الدین اویسی نے حیدرآباد ، حیدرآبادیوں کا ہونے کا نعرہ دیا ہے جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں ۔ کانگریس ایک سیکولر جماعت ہے جو برسوں سے فرقہ پرستی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے ۔ کانگریس پارٹی پرانے شہر میں اپنی طاقت کا بھر پور مظاہرہ کرے گی ۔ مجلس کے کئی قائدین اور کارپوریٹرس مجلس میں گھٹن محسوس کررہے ہیں اور کانگریس سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں ۔ بہت جلد کئی قائدین مجلس کو جھٹکا دینے والے ہیں ۔ کانگریس پارٹی حلقوں میں سیکولر ہم خیال جماعتوں سے اتحاد و مفاہمت کے لیے بات چیت جاری ہے ۔ اگر کوئی جماعت کانگریس سے اتحاد کرنے کا پیشکش کرتی ہے تو اس پر غور کیا جائے گا ۔ سکریٹری اے آئی سی سی نے ٹی آر ایس پارٹی پر حیدرآباد کی نمائندگی کرنے والے ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی کے علاوہ تین وزراء سرینواس یادو ، مسٹر این نرسمہا ریڈی اور پدما راؤ کی توہین کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس قیادت نے ان کی صلاحیتوں کو نظر انداز کرتے ہوئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی انتخابی ذمہ داری چیف منسٹر کے فرزند کے ٹی آر اور دختر مسز کویتا کو سونپ دی ہے اور شہر کی نمائندگی کرنے والے وزراء کو وارڈز انچارج کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی کانگریس کی مرہون منت ہے ۔ اپنے 10 سالہ دور حکومت میں کانگریس نے گریٹر حیدرآباد کی ترقی کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں ۔ میٹرو ٹرین کانگریس کا کارنامہ ہے تاہم اس کے پلرس پر پوسٹرس چسپاں کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت اپنا کارنامہ ہونے کا دعویٰ کررہی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں کانگریس پارٹی شاندار مظاہرہ کرے گی اور بیشتر حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔۔