حیدرآباد و سکندرآباد میں پارٹی مستحکم ، پی سی سی اجلاس سے پونالہ لکشمیا کا خطاب
حیدرآباد 27 جولائی ( این ایس ایس )تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر پونالہ لکشمیا نے آج اس عہد کا اظہار کیا کہ جی ایچ ایم سی آئندہ انتخابات میں کانگریس تنہا مقابلہ کرے گی اور مجلس کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی رکنیت سازی مہم کا آغاز کیا جائے گا علاوہ ازیں پارٹی کارکنوں اور عوام کی شکایت کی سماعت کیلئے ایک خصوصی سیل قائم کیا جائے گا ۔ مسٹر لکشمیا نے اس تاثر کا اظہار کیا کہ حیدرآباد اور سکندرآباد پارلیمانی حلقوں میں کانگریس کا موقف مستحکم ہے ۔ اب چونکہ جی ایچ ایم سی انتخابات تیزی کے ساتھ قریب آرہے ہیں کانگریس نے تنہا مقابلے کیلئے تیاریوں کا آغاز کرلیا ہے ۔ پارٹی ہائی کمان کی اجازت کے بعد ہی اس ضمن میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے قائدین اور کارکنوں نے رابطہ کے فقدان کے نتیجہ میں حالیہ عام انتخابات میں پارٹی کو شکست ہوئی ہے ۔مسٹرپونالہ لکشمیا نے گاندھی بھون میں منعقدہ اجلاس میں پارٹی کی شکست کو مختلف اسباب و عوامل کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے عوامی مطالبہ پر کانگریس نے تاریخی کارنامہ انجام دیا لیکن اس مسئلہ پر کانگریس کی تشہیر ناقص رہی ۔ علاوہ ازیں ریاستی کانگریس حکومت کے ترقیاتی پروگراموں اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کی گئی لیکن عوام کو ان سے پہنچنے والے فائدوں سے واقف نہیں کروایا گیا ۔ تلنگانہ کو علحدہ ریاست کا درجہ دیئے جانے پر اس وقت کے چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے کانگریس ہائی کمان کے فیصلہ کی مخالفت کی جس سے پارٹی پر منفی اثرات مرتب ہوئے ۔ پونالہ لکشمیا نے دعوی کیا کہ ان تمام حقائق کے باوجود حیدرآباد میں کانگریس کافی مضبوط و مستحکم ہے اور اس کے قائدین جی ایچ ایم سی انتخابات میں تنہا مقابلہ کرنے سے دلچسپی رکھتے ہیں۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے صدر اور سابق وزیر دانم ناگیندر ،ارکان قانون ساز کونسل شبیر علی ،پربھاکر راو ، حیدرآباد کے رکن راجیہ سبھا ایم اے خان ،سکندرآباد کے سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو ،سابق رکن اسمبلی جیہ سدھا ،پی لکشمن راو ، سابق میئر حیدرآباد بی کارتیکا ریڈی ، جی راجکمار ،ڈی رام بابو ،ڈاکٹر ونئے کمار اور ونود کمار نے شرکت کی۔