جی ایچ ایم سی انتخابات میں تاخیر پر ہائیکورٹ کی برہمی

مہلت کیلئے حکومت کا استدلال مسترد ‘ شیڈول جاری کرنے کا انتباہ
حیدرآباد۔30مارچ ( ایجنسیز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں تاخیر پر ہائیکورٹ نے آج حکومت تلنگانہ پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بعجلت ممکن ان انتخابات کیلئے تاریخ کا اعلان کیا جائے ‘ ورنہ عدالت خود اپنے طور پر قدم اٹھاتے ہوئے انتخابی شیڈول کا اعلان کرے گی ۔ سنٹر فار گڈ گورننس کے ایم پدما نابھا ریڈی کی طرف سے دائر کردہ درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت العالیہ نے تلنگانہ کی ریاستی حکومت کا استدلال قبول کرنے سے انکار کردیا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے انعقاد کیلئے اس ( حکومت) کو 246 دن کی مہلت درکار ہے ۔ جی ایچ ایم سی نے اپنی درخواست میں استدعا کی تھی کہ بلدی حلقوں کی ازسرنو حدبندی اور بعض حلقوں کو محفوظ کرنے کا عمل مکمل کرنے کیلئے اس کو 246 دن کی مہلت درکار ہے ۔ اس نے مزید کہا کہ حلقوں کی حدبندی کے احکام پہلے ہی جاری کئے جاچکے ہیں اور عدالت کو یقین دلایا تھا کہ حکومت تلنگانہ اس سال ڈسمبر میں بلدی کارپوریشن کے انتخابات منعقد کرے گی لیکن ہائیکورٹ نے حکومت کو ہدایت کی کہ وہ جلد سے جلد انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان کرے ‘ ورنہ وہ انتخابی شیڈول کا اعلان کرے گی ۔ اس مقدمہ کی آئندہ سماعت 6اپریل کو مقرر کی گئی ہے ۔